ملک دشمن عناصر پاکستان میں پرامن انتخابی عمل میں رکاوٹ پیداکرنے کے لیے خودکش حملے کرارہے ہیں،ایس ایم منیر

عوام انتخابی عمل میں بلاخوف وخطر بھرپورطریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لیں تاکہ ملک میں جمہوریت کاتسلسل جاری رہے،تقریب سے خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر پاکستان میں پرامن انتخابی عمل میں رکاوٹ پیداکرنے کے لیے خودکش حملے کرارہے ہیں، عوام انتخابی عمل میں بلاخوف وخطر بھرپورطریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لے تاکہ ملک میں جمہوریت کاتسلسل جاری رہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز جاوید مغل کی جانب سے اپنی ماہانہ سالگرہ کے انعقاد کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر کیم صدیقی،آفتاب رضوی،رضوان خالد،کرنل نذر،سمیر ڈوسل،محبوب شیخ،شاکر رحمت اللہ،مسلم حسن،نوید الحسن اور دیگر بھی موجودتھے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ افواج پاکستان ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپورکاروائی کررہی ہے لیکن ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی خطرات کے خلاف جاری جنگ میں عوام کو افواج پاکستان کے ساتھ ملکر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بیرونی طاقتیں پاکستان میں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہے لیکن افواج پاکستان ملک وقوم کی بقاء کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیارہے اور ملک وقوم کی حفاظت کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ دنیا بھر کی نظریں اس وقت پاکستان میں ہونے والے انتخابات پر مرکوز ہیں لہذا ملک میں پرامن انتخابی عمل کا انعقاد بے حد ضروری ہے جس کے ذریعے دنیا میں پرامن اور محفوظ پاکستان کا پیغام پہنچایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میںگڈگورننس کے لیے عوام کو انتخابی عمل کے لیے ذریعے ایک بار پھر موقع فراہم کیا گیا ہے کہ وہ ملک وقوم کے مفاد کومدنظررکھتے ہوئے اپنا حق رائے دہی ایماندار،محب وطن اور تعلیم یافتہ قومی وصوبائی اسمبلی کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کی نامزدکیے گئے امیدواروں کومنتخب کرے تاکہ پاکستان میں معاشی انقلاب رونما ہوسکے اور ملک کی تعمیر وترقی کوممکن بنایا جا سکے۔