تربیت مکمل کرنے والے اہلکاروں کے کاندھوں پر عوام کے جان ومال کے تحفظ کی ذمہ داریاں ہیں

آئی جی سندھ کاپی ٹی سی سعیدآباد میں 100ویں پاسنگ آؤٹ پریڈسے خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) آئی جی پی سندھ امجد جاویدسلیمی نے کہا ہے کہ تربیت حاصل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے کاندھوں پر عوام کے جان ومال کا تحفظ اور باالخصوص امن وامان کے حالات پر کنٹرول جیسی اہم ذمہ داریاں ہیں اور مجھے قوی امید ہی کہ آپ حاصل کی گئی تربیت اور ان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ناصرف انسداد جرائم کیلئے مجموعی اقدامات کو غیرمعمولی بنائیں گے بلکہ عوام کا پولیس پراعتماد اور دوستانہ ماحول جیسے اقدامات کو بھی اپنے انفرادی اور اجتماعی عمل سے یقینی بنائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوپولیس ٹریننگ کالج سعیدآباد میں ہونیوالی100ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔آئی جی کی آمد پر پولیس کے خصوصی دستے نے انہیں جنرل سلام پیش کیا جبکہ پرنسپل سعیدآباد نے انکا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک سندھ غلام قادر تھیبو،ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ سندھ آفتاب پٹھان،ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ شرجیل کھرل،پرنسپل پی ٹی سی سعیدآباد شادابن مسیح سمیت دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔

آئی جی سندھ نے اپنے خطاب میں پاس آؤٹ ہونیوالے سندھ پولیس کی686 اور ریلوے پولیس کی53پولیس اہلکاروں کو تربیت کے جملہ مراحل کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور اس تقریب میں اپنی شرکت اورخطاب کو باعثِ مسرت وافتخارقرار دیا۔انہوں نے پاس آؤٹ ہونیوالے پولیس اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپکے کاندھوں پر عوام کے جان ومال کا تحفظ اور باالخصوص امن وامان کے حالات پر کنٹرول جیسی اہم ذمہ داریاں ہیں اور مجھے قوی امید ہی کہ آپ حاصل کی گئی تربیت اور ان کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے ناصرف انسداد جرائم کیلئے مجموعی اقدامات کو غیرمعمولی بنائیں گے بلکہ عوام کا پولیس پراعتماد اور دوستانہ ماحول جیسے اقدامات کو بھی اپنے انفرادی اور اجتماعی عمل سے یقینی بنائیں گے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ پولیس عوام کی خدمت کا ایک ایسا ادارہ ہے جو آپکی محنت لگن اور دیانت داری کے بدلے میں آپکو عوام میں ناصرف نمایاں کرتا ہے بلکہ محکمے میں آپ کی عزت و توقیر کو بھی بڑھاتا ہے ۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ فی زمانہ سندھ پولیس کو درپیش مختلف چیلنجز میں دہشت گردی اور اس سے متعلق دیگرجرائم سرفہرست ہیں تاہم سندھ پولیس ایسے جرائم اور ان کے گروہوں سے مؤثر طور پر نمٹنے کی صلاحیتوں سے مالا مال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت پولیس فورس ہم پر فرض ہے کہ ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی کردار اور کاشوں سے معاشرے کو پرامن اور محفوظ بنائیں اور قانون شکن عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لائیں تاکہ مثالی اور عبرتناک سزائیں انکا مقدر بن سکیں۔تقریب کے اختتام پر آئی جی سندھ نے تربیت کے مختلف مراحل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے جوانوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پولیس کی فلاح وبہبود ہمیشہ سے میری اوّلین ترجیح رہی ہے اور آج جن مسائل اور معاملات کی نشاندہی پی ٹی سی سعیدآباد کے حوالے سے کی گئی ہیں انہیں بھرپور طریقے سے حل کرنے کیلئے جملہ سفارشات جلد ہی حکومت سندھ کو ارسال کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :