پاکستان قدرتی حسن اور دلفریب نظاروں سے مالا مال ملک ہے،گورنرسندھ

بدھ 18 جولائی 2018 00:10

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی حسن اور دلفریب نظاروں سے مالا مال ملک ہے جہاں پر ہزاروں تاریخی مقامات ،عمارات،سرسبز باغابات ،لہلاتے کھیت،دلفریب وادیاں، بلند ترین پہاڑی سلسلے ، دلکش جھیلیں ، آبشار ، ندی ، دریا اور سمندر سمیت قدرتی حسن کے دلفریب نظارے شامل ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سیاحتی مقامات کو غیر ملکی سیاحوں کے لئے مزید ترقی دی جائے تاکہ قومی آمدنی میں اضافہ ہو سکے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں اکتوبر میں ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہونے والی پاکستان ٹریول مارٹ(PTM) نمائش کے منتظمین و شرکاء سے مشاورتی اجلاس کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

گورنرسندھ نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں مزید بہتری کے باعث پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے بھرپور مواقع دستیاب ہیں ، ملک کے ہر علاقہ سے لوگ با الخصوص غیر ملکی سیاح سیر و تفریح کی غرض سے شمالی علاقہ جات جاتے ہیں ، غیر ملکی سیاح بلند ترین پہاڑی چوٹی سر کرنے کے ساتھ ساتھ قدرتی مقامات و نظاروں کا نظارہ کرکے محظوظ ہوتے ہیں اگر ان مقامات پر انفرااسٹرکچر ڈیویلپمنٹ پر کام کیا جائے تو مزید غیر ملکی سیاح جوق درجوق یہاں کا رخ کرنے لگیںگے ، سیاحتی مقامات کو شوکیس کرنے سے ہی قومی معیشت میں اضافہ ، روزگار کے مواقعوں کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی ممکن ہے ، قدرتی حسن سے مالا مال علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر ، رہائش ،خوراک اور بنیادی ضروریات کی فراہمی سے سیاحت کو فروغ حاصل ہو سکتا ہے اس ضمن میں آگاہی مہم اور مناسب مارکیٹنگ سے ہماری سیاحتی صنعت کو دنیا بھر میں متعارف کرایا جا سکتا ہے کیونکہ پاکستانیوں کی اکثریت تاحال شمالی علاقات ، با الخصوص گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور دلفریب نظاروں سے نا آشنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں K-2 ، نا گا پربت ، جھیل سیف الملوک ، ٹیکسلا ،موئن جو داڑو، سادھو بیلہ ، ننکانہ صاحب ، تاریخی قلعے اور دیگر مذہبی مقامات نہ صرف سیاحوں کے لئے بلکہ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے لئے بھی انتہائی پرکشش ہیں ، سیاحت کے حوالہ سے منعقدہ تین روزہ نمائش میں 20 ممالک سے افراد کی شرکت سے دنیا بھر میں پاکستان کی سیاحتی مقامات کو روشناس کرانے میں مدد ملے گی جس سے سیاحتی صنعت کو زبردست فروغ حاصل ہو سکے گا۔

گورنرسندھ نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پی ٹی ایم میں بھرپور طریقہ سے شرکت کریں،اس نمائش سے دنیا بھر میں پاکستان کے منفی تاثرات کے خاتمہ اور اصل حقائق اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ،ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان 2013 ء کے مقابلہ میں با لکل تبدیل ہو چکا ہے آج کا پاکستان پرامن اور زیادہ محفوظ ملک بن چکا ہے ۔اجلاس میں رفیق احمد خان نے PTM-2018 نمائش پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نمائش کا مقصد پاکستان کے سیاحتی مقامات اور اصل حقائق کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے ۔

گلگت بلتستان کے سیاحت و ثقافت کے سیکریٹری وقار علی خان نے گلگت بلتستان کے سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی سے آگاہ کیا ۔خیبر پختونخواہ کے سیاحت و ثقافت کے ایڈیشنل سیکریٹری با بر خان اور TDCP کے اسجد غنی نے با الترتیب خیبر پختونخواہ اور پنجاب کے سیاحتی مقامات کے فروغ اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی ۔اجلاس میں محمد علی ہمدانی ، افتخار ہمدانی اور حسیب گردیزی نے PTM-2018 نمائش کے اغراض و مقاصد اور مختلف پہلوئوں کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔اجلاس میں چین ، ملائیشیا ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے قونصل جنرل بھی موجود تھے۔