بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے،اشرف صحرائی

آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں کو عدالتی ریمانڈ پر تہاڑ جیل بھیجنے کی مذمت

بدھ 18 جولائی 2018 11:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے بھارتی تحقیقاتی ادارے’ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ‘کی طرف سے دختران ملّت کی سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی ساتھیوں فہمیدہ صوفی اورناہیدہ نسرین کی بلاجواز گرفتاری اور انہیں30روزہ عدالتی ریمانڈ پر نئی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل بھیجنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین سیاسی انتقام قرار دیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد اشرف صحرائی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہٴ آزادی کو ختم کرنے میں ناکامی کے بعد اب کشمیری خواتین کو بھی بڑے پیمانے پر اوچھے ہتھکنڈوں کا نشانہ بنارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی مختلف امراض میں مبتلا ہیں اور تہاڑ جیسی بدنام جیل میں ان کی صحت مزید بگڑ جانے کا اندیشہ ہے اور اگر ایسا ہوا تو اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکومت پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارت سمجھ لے کہ کشمیریوں نے اسکی غلامی سے آزادی کا تہیہ کررکھا ہے اور وہ مقصد کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اوربھارتی ظلم وجبر کے آگے ہرگز سرینڈر نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت قطعی طور پر ہٹ دھرمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جبکہ وہ جموں کشمیر میں ایک ہاری ہوئی جنگ لڑرہا ہے ۔ محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ این آئی اے نے گزشتہ ایک برس سے مقبوضہ علاقے میں بلاجواز اور غیر قانونی کارروائیوںکا جو سلسلہ شروع کر رکھا ہے اس سے کشمیریوں کی تحریک آزادی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

محمد اشرف صحرائی نے تہاڑ جیل میں نظر بند شبیر احمد شاہ، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، الطاف احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام نعیم احمد خان، فاروق احمد ڈار، شاہد یوسف، محمد اسلم وانی، ظہور احمد وٹالی، مظفر احمد ڈار، مشتاق احمد لون، محمد شفیع شاہ طالب حسین اور دیگر حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور عام کشمیریوں کو بے بنیاد اور من گھڑ ٹ مقدمات کے تحت مسلسل بند رکھنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے انکے عزم و ہمت کو سراہا۔

انہوںنے اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن، ایمنسٹی انٹرنیشنل، عالمی ریڈکراس اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار کا از خود مشاہدہ کرنے کیلئے اپنی ٹیمیں تہاڑ اور دیگر جیلوں کے دورے پر بھیجیں۔