کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند 70 سالہ حریت کارکن غلام حسن ملک المعروف نور خان انتقال کر گئے

بدھ 18 جولائی 2018 11:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ستر سالہ معرو ف آزادی پسند کارکن غلام حسن ملک المعروف نور خان جو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموںکی کوٹ بھلوال جیل میں نظربند تھا گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کئے جانے کے ایک دن بعد وفات پا گئے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی کے رہائشی غلا م حسن ملک کو پولیس نے رواں سال 22جنوری کو گرفتار کر کے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموںکی کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا تھا ۔

وہ جیل میں کچھ دن بعد علیل ہو گئے ۔ پیر کو انہوں نے سینے میں درد کی شکایت کی جس کے بعد انہیں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کردیاگیا جہاں وہ منگل کو وفات پاگئے ۔ مرحوم کے بیٹے ارشاد احمد ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس کی طرف سے انکے والد پر عائد کئے گئے جھوٹے الزامات اور ان کی علالت اور وفات کی وجوہات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ ان کے والد کی میت ابھی تک ہسپتال میں ہے اور ڈاکٹر ان کا پوسٹ مارٹم کر رہے ہیں ۔ انہوںنے بتایا کہ ان کے والد کو بیس جنوری کو بارہمولہ پولیس اسٹیشن طلب کیاگیا تھا اور دو دن بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 27 جنوری کو پولیس نے ان پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں کوٹ بھلوال جیل منتقل کردیا تھا۔