تیسرا ون ڈے ، زمبابوے نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا

گرین شرٹس کو سیریز میں 0-2کی برتری حاصل ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 جولائی 2018 11:47

تیسرا ون ڈے ، زمبابوے نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت لیا
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18جولائی 2018 ء) پانچ ایک روز ہ میچز کی سیریز کے تیسرے مقابلے میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کوئنز سپورٹس کمپلیکس میں اب سے کچھ دیر بعد دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں گی، گرین شرٹس کو 5 میچز پر مشتمل سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔سیریز اپنے نام کرنے کے لیے گرین شرٹس کا آج کے میچ میں فتح درکار ہے جب کہ سیریز میں رہنے کے لیے زمبابوین ٹیم کو لازمی میچ جیتنا ہوگا۔

تیسرے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور حسن علی کی جگہ لیگ سپنر یاسر شاہ اور محمد عامر کی جگہ جنید خان کو موقع دیا گیا ہے۔کپتان سرفراز احمد کو فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، حسن علی، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شنواری کی خدمات حاصل ہوں گی۔

(جاری ہے)

سکواڈ میں شامل حارث سہیل بیٹی کی طبیعت کی خرابی کے باعث واپس پاکستان آرہے ہیں تاہم ان کی جگہ اب تک کسی متبادل کو نہیں بلایا گیا۔

انجری سے واپس لوٹنے والے بابر اعظم ابتدائی دونوں میچز میں کافی بہتر دکھائی دیے، پہلے ون ڈے میں وہ جلد وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ دوسرے میں ناٹ آﺅٹ رہے، مگر ان کے پاس زیادہ سکور کا موقع ہی نہیں تھا، اگر اس بار پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تو ہوسکتا ہے کہ بابر اپنی 7 ون ڈے سنچریوں میں اضافہ کرنے میں کامیاب ہوجائیں۔ کپتان سرفراز احمد پہلے ہی واضح کرچکے کہ سیریز جیتنے کے بعد ہی پلیئنگ الیون میں تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، ٹیم کا پہلا ہدف سیریز جیتنا ہے، اس کے حصول کے بعد ہی بنچ پاور کو آزمائیں گے۔

ادھر زمبابوے کی صرف ایک ہی خواہش ہے کہ وہ کم سے کم عزت سے ہارنے کے قابل ہوجائے، کھلاڑیوں کی ناکامیوں کے باوجود وہ انھیں کھلانے پر مجبور ہے کیونکہ بنچ پر بیٹھے ہوئے پلیئرز معیار سے اور بھی نیچے ہیں۔ پچ کے ابتدائی دونوں میچز سے مختلف ہونے کی بالکل توقع نہیں ہے، موسم بھی گذشتہ دنوں جیسا ہی سرد ہوگا۔

متعلقہ عنوان :