قطر نے تاریخ میں دہشت گردوں کو سب سے زیادہ تاوان ادا کیا،عرب ٹی وی

قطر نے اغوا شدگان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ممالک سے مدد بھی حاصل کی تھی ،رپورٹ

بدھ 18 جولائی 2018 11:50

قطر نے تاریخ میں دہشت گردوں کو سب سے زیادہ تاوان ادا کیا،عرب ٹی وی
دوحہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) قطر اب تک 2015ء میں عراق میں یرغمال بنائے گئے اپنے 28 شہریوں کی رہائی کے لیے دہشت گرد تنظیموں کو کوئی رقوم ادا رنے سے انکار کرتا چلا آ رہا ہے لیکن قطری حکام کے حال ہی میں افشا ہونے والے برقی پیغامات سے ایک مختلف تصویر سامنے آتی ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ان پیغامات سے اس بات کی بھی تصدیق ہوتی ہے کہ قطر نے اغوا شدگان کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ممالک سے مدد حاصل کی تھی۔

اور بغداد کے ہوائی اڈے پر پکڑی گئی 36 کروڑ ڈالرز کی رقم دراصل دہشت گرد گروپوں کو دینے کے لیے بھیجی گئی تھی۔اس قطری رقم سے مستفید ہونے والوں میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

ان دستاویزات سے قطر کے عراق کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور یرغمالیوں کی محفوظ رہائی کے لیے ایک مبہم اقدام کا انکشاف ہوتا ہے اور یہ پتا چلتا ہے کہ قطری سفارت کاروں نے پچاس لاکھ ڈالرز سے پانچ کروڑ ڈالرز تک ایرانی عہدے داروں، عراقی لیڈروں اور نیم فوجی دستوں کے عہدے داروں میں تقسیم کیے تھے ۔

ان میں ڈھائی کروڑ ڈالرز حزب اللہ کے ایک سینیر عہدے دار کو ادا کیے گئے تھے۔برقی پیغامات سے پتا چلتا ہے کہ قطری رقم میں سے جنرل قاسم سلیمانی کو پانچ کروڑ ڈالرز ادا کیے گئے تھے۔عراق میں یرغمال بنائے گئے قطری شہریوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کار یا مصالحت کار کا کردار ادا کرنے والے مختلف افراد اور گروپوں کو پندرہ کروڑ ڈالرز ادا کیے گئے تھے۔

امریکی حکام ایسے گروپوں اور افراد کو ایک عرصے سے بین الاقوامی دہشت گردی کے معاون اور مدد گار قرار دیتے چلے آ رہے ہیں۔رپورٹ میں ایسے جن ثالث کار گروپوں کا حوالہ دیا گیا ہے، ان میں عراقی حزب اللہ ملیشیا، عراق جنگ کے دوران میں امریکی فورسز پر حملوں میں ملوث ایک پیرا ملٹری گروپ، لبنانی حزب اللہ ملیشیا اور شامی حزب اختلاف کے دو گروپ شامل ہیں۔ ان میں شام میں القاعدہ سے وابستہ جنگجو گروپ النصرہ محاذ بھی شامل ہے۔