آئندہ ماہ شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران اپنے 5 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں‘نعمان افضل آفریدی

بدھ 18 جولائی 2018 12:55

آئندہ ماہ شروع ہونے والی پولیو مہم کے دوران اپنے 5 سال تک کی عمر کے ..
ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض سے ہمیں اپنے بچوں کو تحفظ دلانا اور اس کی مکمل بیخ کنی کرنا تمام اداروں اور معاشرے کے افراد کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنے دفتر میں آئندہ ماہ کی 6 تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس سے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ، اسسٹنٹ کمشنرز، ای پی آئی، ڈبلیو ایچ او، محکمہ صحت ، تعلیم، پولیس و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے ماہ کی 6تاریخ سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران 2لاکھ80ہزار120بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلوانے کا ہدف پورا کیا جائیگاجبکہ اس مقصد کیلئے 61یوپیک چیئر مین، کُل 1380ٹیمیں جن میں 72فکسڈ، 1200موبائل، 24رومنگ اور 84ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیںجو کہ مہم کے دوران اپنے فرائض سر انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو وائرس کا خاتمہ ایک قومی فریضہ ہے جس کی تکمیل صرف اس صورت میں ممکن ہو سکتی ہے جب ہم ہر پولیو مہم کے دوران اپنے 5سال تک کی عمر کے بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے پلوائیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام افراد کو چاہیے کہ وہ محکمہ صحت کی طرف سے تقویض کردہ ٹیموں جو کہ گھر گھر جا کر انسداد پولیو کے قطرے پلائیں گی سے تعاون کریں تاکہ 5سال تک کی عمر کا کوئی بچہ انسداد پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔

انہوں نے تمام اداروں کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی اور اہداف کے حصول کیلئے باہمی کوششیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسداد پولیو عملے کی مانیٹرنگ کا مربوط نظام ترتیب دیا جائے اور ریفیوزل کیسز پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پولیو عملے کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کیلئے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فرائض سے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کاروائی کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :