یورپی یونین اور جاپان کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ ہو گیا

جاپان اور یورپی یونین اپنے غیرمتزلزل عزم کے باعث آزاد تجارت کے چیمپئن بن چکے ہیں ،وزیراعظم شینزو آبے

بدھ 18 جولائی 2018 12:55

یورپی یونین اور جاپان کے مابین آزاد تجارتی معاہدہ ہو گیا
برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) یورپی یونین اور جاپان نے آزاد تجارت کے حوالے سے ایک غیر معمولی تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دے دی ۔ یورپی یونین کے مطابق یہ پیش رفت تجارتی سطح پر اقتصادی تحفظ پسندی کی سوچ کے خلاف ایک واضح پیغام ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یورپی یونین اور جاپان کے مابین طے پانے والی اس اہم تجارتی ڈیل کے نتیجے میں دنیا کا سب سے بڑا تجارتی بلاک وجود میں آ جائے گا۔

اس تجارتی ڈیل میں وعدہ کیا گیا ہے کہ جاپان اور یورپی یونین ایک دوسرے کی برآمدات پر ننانوے فیصد تک وہ محصولات ختم کر دیں گے، جن کی دونوں کے مابین موجودہ سالانہ مالیت قریب ایک بلین یورو بنتی ہے۔جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے اس ڈیل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیشرفت دنیا پر واضح کرتی ہے کہ جاپان اور یورپی یونین اپنے غیرمتزلزل عزم کے باعث آزاد تجارت کے چیمپئن بن چکے ہیں اور وہ بھی ایک ایسے وقت پر جب دنیا میں تجارتی شعبے میں اقتصادی تحفظ پسندی کی سوچ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

یورپی کمیشن کے مطابق یورپی یونین اور جاپان کے مابین اکنامک پارٹنرشپ ایگریمنٹ کے ساتھ دنیا کا سب سے بڑا تجارتی زون وجود میں آئے گا۔ اس تجارتی ڈیل سے یورپی یونین اور جاپان کے چھ سو ملین شہری فائدہ اٹھا سکیں گے جبکہ اس تجارتی بلاک کی مجموعی اقتصادی پیداوردنیا کی مجموعی اقتصادی پیداوار یا جی ڈی پی کے قریب ایک تہائی کے برابر ہو گی۔

متعلقہ عنوان :