نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ایوان وزیر اعظم میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا

مہم کے دوران 4 کروڑ 71 لاکھ 40 ہزار پودے لگائے جائیں گے

بدھ 18 جولائی 2018 13:07

نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے ایوان وزیر اعظم میں پودا لگا کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان کو سرسبز بنانے کے عزم کے ساتھ بدھ کو سالانہ مون سون شجر کاری مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے ایوان وزیر اعظم میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ نگران وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی محمد یوسف شیخ اور سینئر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی نے اس سال صوبوں، مسلح افواج، پولیس، سول سروسز، بلدیاتی اداروں، کارپوریشنوں، خود مختار اداروںاور تعلیمی اداروں کی معاونت سے قومی سطح پر مون سون کے دوران 4 کروڑ 71 لاکھ 40 ہزار پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اہداف کے مطابق پنجاب نی90 لاکھ، سندھ ایک کروڑ 10 لاکھ ، کے پی کے ڈیڑھ کروڑ، بلوچستان 6لاکھ، آزاد جموں کشمیر 36 لاکھ، گلگت بلتستان 36 لاکھ، سابق فاٹا 53 لاکھ، این ایچ اے 5 لاکھ، بین الاقوامی ادارہ برائے قدرتی تحفظ 5 لاکھ، پاکستان آرڈیننس فیکٹری 20ہزار، وزارت دفاع 10 لاکھ، ایروناٹیکل کمپلیکس 20ہزار اور ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا نے ایک لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ شجر کاری گرین پاکستان پروگرام کے تحت جاری مہم کے علاوہ ہوگی۔ماحول کی بہتری میں جنگلات کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنے ، موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کی روک تھام اور تخفیف غربت کے لئے شجر کاری مہمات کا باقاعدگی سے اہتمام کیاجاتاہے۔ حکومت نے گرین پاکستان پروگرام کے ذریعے تمام صوبوں اور علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجر کاری مہم کا آغاز کررکھاہے ۔اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں 10لاکھ اضافی پودے لگائے جائیں گے۔2017-21ء کے عرصہ پر محیط اس پروگرام کی مجموعی لاگت 3.652 ارب روپے ہے۔