اسلام آباد میں بارش، پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل

لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ،الیکشن کمیشن ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف، سیکرٹری الیکشن کمیشن کی چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات، ضروری انتطامات کرنے کی ہدایت

بدھ 18 جولائی 2018 13:07

اسلام آباد میں بارش، پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی بارش نے جل تھل ایک کردیا ،بارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے، عمارت کی لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ،الیکشن کمیشن ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کی سرتوڑ کوششوں میں مصروف رہے ، سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات کرکے انہیں ضروری انتطامات کرنے کی ہدایت کی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں بارش کا سلسلہ جاری ہے لیکن انتخابات کی تیاریوں میں مصروف الیکشن کمیشن آف پاکستان بارش سے بچنے کی تیاری کرنا بھول گیا۔ عقبی نالے کا پل نہ بننے کی وجہ سے مون سون کی بارشوں نے الیکشن کمیشن کو ڈبو دیا، بارش کا پانی الیکشن کمیشن کی عمارت میں داخل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

گرانڈ فلور پر ہر جانب پانی ہی پانی اور عمارت کی لفٹ اور میٹنگ روم میں دو فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ملازمین عمارت سے واٹر پمپ کے ذریعے پانی نکالنے کے لیے سرتوڑ کوششوں میں مصروف رہے ، دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے چیئرمین سی ڈی اے اور سیکرٹری کیڈ سے ملاقات کرکے انہیں ضروری انتطامات کرنے کی ہدایت کی ۔الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق گزشتہ بارش میں بھی ای سی پی میں جمع شدہ پانی کے باعث کافی نقصان ہوا تھا، سی ڈی اے کو اس معاملے کا نوٹس لینے کے لیے خط بھی لکھا گیا۔