Live Updates

حکومت چلی گئی لیکن شاہ خرچیاں کم نہ ہوئیں

اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی اسد قیصر کے پاس 10 لگژری گاڑیاں موجود

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 جولائی 2018 12:38

حکومت چلی گئی لیکن شاہ خرچیاں کم نہ ہوئیں
پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2018ء) : پشاور میں پی ٹی آئی کی حکومت چلی گئی لیکن اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی اسد قیصر کی شاہ خرچیاں کم نہ ہوئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسد قیصر کے زیر استعمال دس لگژری گاڑیاں سامنے آئی ہیں۔اسد قیصر کے زیر استعمال گاڑیوں میں بلٹ پروف گاڑیاں بھی شامل ہیں۔ قوانین کے مطابق اسپیکر صرف دو گاڑیوں کے استعمال کے مجاز ہیں۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلٹ پروف گاڑی کا چھ ماہ کا خرچ 32 لاکھ 95 ہزار روپے ہے۔ اسپیکر کے زیراستعمال دیگر چار گاڑیوں کا خرچ 35 لاکھ 55 ہزار روپے ہے۔ اسد قیصر نے اپنی اسپیکر شپ کا بھرپور فائدہ اُٹھاتے ہوئے دس لگژری گاڑیاں اپنے زیر استعمال رکھی ہوئی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل نے اسپیکر خیبرپختونخواہ اسمبلی اسد قیصر کے زیر استعمال گاڑیوں کی چھ ماہ کی دستاویات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

دستاویزات کے مطابق اسپیکر اسد قیصر کے زیر استعمال تمام گاڑیاں لگژری گاڑیاں ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے 2 کی بجائے 10 لگژری گاڑیوں کے استعمال کے انکشاف پر پی ٹی آئی کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ اسد قیصر 30 مئی 2016ء کو خیبرپختونخواہ اسمبلی کے گیارہویں اسپیکر منتخب ہوئے۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کو قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 2 کی بجائے 10 لگژری گاڑیوں کے استعمال پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی آڑے ہاتھوں لیا جبکہ سیاسی حریفوں نے اسد قیصر سے متعلق اس خبر کو بنیاد بنا کر پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے۔

ناقدین کے مطابق پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان تو خود اسٹیٹس کو کے خلاف اور پروٹوکول کے خلاف ہیں لیکن ایسے میں ان کے اپنے رہنما اور اسپیکراسمبلی کی جانب سے اس قسم کا شاہانہ پروٹوکول اور قوانین کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات