مدینہ منورہ: 5454 پاکستانی عازمینِ حج سعودی سرزمین پر پہنچ گئے

وزارتِ مذہبی امور زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے سرگرم

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 18 جولائی 2018 12:45

مدینہ منورہ: 5454 پاکستانی عازمینِ حج سعودی سرزمین پر پہنچ گئے
مدینہ منورہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18 جُولائی 2018) حج مسلمانوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے۔ ہر سال فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے دُنیا بھر سے لاکھوں افراد سعودی مملکت کا رُخ کرتے ہیں۔ پاکستان سے بھی لاکھوں کی گنتی میں کلمہ گو افراد حجازِ مقدس پہنچتے ہیں۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے سرکاری اسکیم کے تحت 5454 عازمین حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔

یہ براہِ راست مدینہ منورہ پہنچنے والے پاکستانی عازمینِ حج ایک ہفتہ بعد مکّہ مکرمہ روانہ ہو جائیں گے۔ لاکھوں عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچانے کے لیے حج فلائٹ آپریشن کے تحت پی آئی اے‘ ایئر بلیو اور سعودی ایئر لائن کی درجنوں فلائٹس مصروفِ عمل ہیں۔ پاکستان کے نو شہروں لاہور‘ کوئٹہ‘ پشاور‘ اسلام آباد‘ سکھر‘ ملتان‘ رحیم یار خان‘ فیصل آباد اور سیالکوٹ سے عازمینِ حج کی بڑی تعداد ہوائی جہازوں پر سوار ہو کر سعودی عرب پہنچنا شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

کچھ پروازوں کو براہِ راست جدہ روانہ کیا گیا جہاں سے عازمین حج عمرہ ادا کرنے کے بعد مدینہ منورہ جا کر روضہ نبویؐ کی زیارت کرییں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق عازمین کے قیام و طعام کے لیے بہت عمدہ انتظامات کیے گئے ہیں اور اُن کے آرام و آسائش کا ممکنہ حد تک خیال رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان حاجیوں کے قیام کا بندوبست مرکزیہ میں تھری‘ فور اور فائیو سٹار ہوٹلوں میں کیا جا رہا ہے جبکہ 13 کیٹرنگ کمپنیاں پاکستانی زائرین کے لیے تین وقت کا عمدہ معیار کا کھانا فراہم کر رہی ہیں۔

عازمین مدینہ منورہ میں موجود اہم مقدس و تاریخی مقامات کی زیارت کر رہے ہیں۔ مدینہ منورہ میں عازمین کی سہولت کے لیے 61 افسران و دیگر عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سعودی زبان سے واقفیت رکھنے والے 150 پاکستانی گائیڈز بھی مختلف شعبوں میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔