راولپنڈی ،ْ موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے

شہر میں پہلے سے رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باعث متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے صورتحال پر قابو پالیا

بدھ 18 جولائی 2018 14:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) راولپنڈی میں علی الصبح موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے تاہم شہر میں پہلے سے رین ایمرجنسی نافذ ہونے کے باعث متعلقہ محکموں نے بروقت کارروائیوں کے ذریعے صورتحال پر قابو پالیا۔ حکام کے مطابق راولپنڈی میں مجموعی طور پر 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، جس کے بعد شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں، تاہم واسا اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے بروقت اقدامات سے صورتحال پر قابو پا لیا گیا۔

(جاری ہے)

ترجمان واسا کے مطابق کسی جگہ کوئی جانی مالی نقصان نہیں ہوا، نالہ لئی کے قریب رہائشیوں کو معمول کے مطابق الرٹ کیا جاتا ہے، ترجمان کے مطابق نالہ لئی میں پانی سطح 16 فٹ سے بلند ہونے پر سیلاب کا خدشہ ہوتا ہے تاہم حالیہ کے بعد سب سے زیادہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ تک پہنچی۔ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ جبکہ نالہ لئی کے اطراف بھی واسا سٹاف موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار تک لاہور، گوجرانوالہ ،اسلام آباد، فیصل آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گوج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔