آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا

بدھ 18 جولائی 2018 15:07

آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل سے نکال دیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) وزارت داخلہ نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل دے نکال دیا۔وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی ای) نے نجی بینک سے منی لانڈرنگ کے کیس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالا تھا اور اس حوالے سے انہیں پوچھ گچھ کیلئے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم دونوں شخصیات کے وکلاء ایف آئی اے میں پیش ہوئے۔

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کیا تھا تاہم ان کی قانونی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی تھی جس کے بعد عدالت نے ایف آئی اے کو الیکشن تک دونوں شخصیات کو نہ بلانے کی ہدایت کی جبکہ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے تھے کہ عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا نہیں کہا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے بے نامی اکاؤنٹس اور منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکرٹری داخلہ کے حکم پر چند روز قبل سمری تیار ہوئی تھی جس کی روشنی میں دونوں شخصیات کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کے ریمارکس کی روشنی میں دونوں شخصیات کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا۔واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔