نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں مچھر ستانے لگے

جیل میں ہر روز شام کے اوقات میں مچھر مار اسپرے کیاجاتا ہے تاہم برسات کے موسم کے باعث جیل میں مچھر زیادہ ہیں:جیل حکام

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 18 جولائی 2018 15:05

نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں مچھر ستانے لگے
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جولائی 2018ء) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں پانچ روز گزر گئے ہیں لیکن دونوں ابھی تک خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں سکے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق دونوں باپ بیٹی جیل میں حبس اور گرمی سے شدید پریشان ہیں۔جیل ذرائع کا کہناہے کہ میاں نواز شریف شدید حبس کے باعث متعدد مرتبہ گھبراہٹ کا اظہار کرچکے ہیں، اس کے علاوہ دونوں نواز شریف اور مریم نواز جیل میں مچھروں کی موجودگی کے بارے میں بھی آگاہ کرچکے ہیں۔

جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں ہر روز شام کے اوقات میں مچھر مار اسپرے کیاجاتا ہے تاہم برسات کے موسم کے باعث جیل میں مچھر زیادہ ہیں۔یاد رہے آج نواز شریف اور ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو جیل میں لوہے کی چارپائیاں دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جو سفیدسوتی نوارسے بُنی ہوئی ہیں جن کے اوپربچھانے کیلئے فوم کے گدے دئیے گئے ہیں یہ چارپائیاں بہترکلاس کے اسیروں کودی جاتی ہیں۔

اس سے قبل نوازشریف اورکیپٹن (ر)صفدرزمین پرمیٹرس بچھا کر سوتے رہے۔ جبکہ مریم نوازکوپہلے ہی اسی قسم کی چارپائی دی گئی ہے، جیل ذرائع کے مطابق مریم نوازنے چارپائی پر گدے کے بجائے تلائی منگوائی۔ جب کہ نواز شریف کے لیے 3 ڈاکٹروں کی تقرری بھی کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل نواز شریف کو باتھ روم گندا ہونے کی بھی شکایت تھی۔جس پر ان کا کمرہ تبدیل کر دیا گیا تھا۔ تاہم اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف کے نئے کمرے کا باتھ روم قدرے بہتر ہے۔ دو روز قبل گرمی اور حبس کے باعث نواز شریفکی طبیعت میں بے چینی پائی گئی۔ جس پر ان کا چیک اپ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر اور نبض چیک کی۔