مریم نواز کی اڈیالہ جیل سے رخصتی

مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 18 جولائی 2018 15:13

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18 جولائی 2018ء) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو سیکیورٹی خدشات کے باعث اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہا ئو س منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،سہالہ ریسٹ ہا ئو س کو پہلے سے سب جیل قرار دیدیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز کو آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہا ئو س منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سہالہ ریسٹ ہا ئو س کو پہلے سے سب جیل قرار دیدیا گیا ہے اور اس کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کر دیاگیا ہے۔

حکام کے مطابق مریم نواز کی جیل سے ریسٹ ہا ئو س منتقلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔دوسری جانب مریم نواز خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں پا رہی ۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے جیل مچھر ہونے کی بھی شکایت کی ہے۔تاہم اس بارے میں جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں ہر روز شام کے اوقات میں مچھر مار اسپرے کیاجاتا ہے تاہم برسات کے موسم کے باعث جیل میں مچھر زیادہ ہیں۔

جب کہ مریم نواز جیل میں دی گئی چارپائی پر گدے کی بجائے تلائی بچھا کر سوتی ہیں۔مریم نواز کو جیل کے کھانے بھی پسند نہیں آ رہے اور وہ جیل کے کھانے سے اجتناب کر رہی ہیں۔بتایا گیا ہے کہ مریم نواز جیل میں 5 روز گزار چکی ہیں لیکن ابھی تک وہ خود کو جیل کے ماحول کے مطابق ڈھال نہیں سکیں،تاہم میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مریم نواز کو مزید اڈیالہ جیل میں نہیں رہنا پڑے گا۔اورا نہیں سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اور ممکن ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مریم نواز کو اڈیالہ جیل سے سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کر دیا جائے گا۔یاد رہے مریم نواز کے والد نواز شریف اور شوہر کیپٹن (ر) صفدر بھی اڈیالہ جیل میں سزا کاٹ رہے ہیں۔