احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کے لئے دائر درخواست کی سماعت 23جولائی تک ملتوی کر دی

بدھ 18 جولائی 2018 16:09

احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں شریک ملزمان کی بریت کے لئے دائر درخواست کی سماعت 23جولائی تک ملتوی کر دی ہے ۔بدھ کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنس کی سماعت کی اس موقع پر ریفرنس میں تینوں نامزد شریک ملزمان سعید احمد ،نعیم محموداور منصور رضا رضوی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے موقع پر وکیل صفائی قاضی مصباح نے شریک ملزمان نعیم محمود اور منصور رضا کی بریت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے اب تک دس گواہوں کو پیش کیا گیا۔لیکن کسی گواہ کی گواہی سے ثابت نہیں ہوتا کہ سعید احمد ،نعیم محموداور منصور رضا جرم میں براہ راست شریک رہے ہوں یا ان کا کردار کہیں نظر نہیں آتا ہو۔

(جاری ہے)

وکیل صفائی قاضی مصباح نے کہا کہ استغاثہ کے پاس اپنا الزام ثابت کرنے کیلئے شواہد موجود نہیں ،میرے موکلان پر الزام ہے کہ وہ اسحاق ڈار کے اثاثے بنانے میں بطور آلہ کار استعمال ہوئے ۔

وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ یہ سچ ہے کہ میرے موکلان اسحاق ڈار کے ملازم تھے لیکن وہ ہرگز کرپشن میں شامل نہیں رہے۔ ملزمان کی بریت کی درخواست پر وکیل صفائی قاضی مصباح کے دلائل جاری تھے کہ عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ضمنی ریفرنس کی سماعت 23 جولائی تک ملتوی کردی۔آئندہ سماعت پر قاضی مصباح اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔