Live Updates

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 11 امیدواروں پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا

بدھ 18 جولائی 2018 16:52

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 11 امیدواروں پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔ دو دن کے اندر جرمانہ ادا نہ کرنے پر امیدواروں کو نااہل قرار دینے کے حوالہ سے کیس الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ارسال کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد سید فیاض علی شاہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق این اے 16 سے تحریک انصاف کے امیدوار علی خان جدون، پاکستان راہ حق پارٹی کے امیدوار ایاز خان، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار مہابت اعوان، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی ارشاد خان اور آزاد امیدوار شوکت تنولی پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50، 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

پی کے 39 سے تحریک انصاف کے امیدوار مشتاق غنی، متحدہ مجلس عمل کے امیدوار محمد امجد خان، آزاد امیدوار امجد شاہزمان خان، عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار شاہد رضا اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار عنایت الله خان جبکہ پی کے 38 سے آزاد امیدوار سجاد اکبر خان پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امیدواروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر دو روز کے اندر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو ان امیدواروں کے کیس الیکشن کمیشن کو ارسال کر کے انہیں نااہل قرار دینے کی درخواست کی جائے گی۔ تمام امیدواروں، سیاسی نمائندوں اور پارٹیوں کو مطلع کیا گیا ہے کہ وہ ضابطہ اخلاق کی پاسداری یقینی بنائیں بصورت دیگر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات