نیب راولپنڈی کا العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے ڈائریکٹر کے خلاف عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کے الزام میں احتساب عدالت میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر

بدھ 18 جولائی 2018 16:55

نیب راولپنڈی کا العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے ڈائریکٹر کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) نیب راولپنڈی نے العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کنسلٹنسی کے ڈائریکٹر نذر عباس کے خلاف بڑے پیمانے پر عوام کے ساتھ مبینہ طور پر دھوکہ دہی کے الزام میں احتساب عدالت راولپنڈی میں بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نے نیب راولپنڈی کو پاکستان کی ایجوکیشنل کنسلٹنسی فرم العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کے خلاف مقدمہ بھجوایا، نیب میں درج کرائی گئی شکایت کے مطابق نذر عباس العباس انٹرنیشنل ایجوکیشنل کنسلٹنس کا مالک اور ڈائریکٹر ہے۔

ملزم نے طالب علموں سے دھوکہ دہی سے تعلیمی ویزہ پر آسٹریلیا بھجوانے کا جھانسا دے کر لاکھوں روپے اکھٹے کیے جبکہ اس کے پاس اس حوالے سے رقم اکھٹی کرنے کا کوئی اختیار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

ملزم نے نہ صرف ان طالب علموں کے والدین کی محنت سے کمائی گئی رقم لوٹی بلکہ ان کے مستقبل کو بھی تاریک کیا۔ ملزم نذر عباس نے طالب علموں اور انکے والدین سے معاہدے کیے اور انہیں اپنے دستخطوں سے گارنٹی چیک دیئے ملزم نے نہ ہی ان کے لیے سٹڈی ویزے کا انتظام کیا اور نہ ہی انہیں وصول کی گئی رقم واپس کی۔

ملزم نے طالب علموں سے دھوکہ دہی سے ایک کروڑ بیالس لاکھ تیس ہزار روپے وصول کیے۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی نے کہا ہے کہ طالب علم پاکستان کا مستقبل ہیں وہ اپنے قیمتی وقت اور وسائل کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئے ایسے عناصر سے چوکس رہیں۔انہوں نے کہا کہ طالب علم ایسے جعلی سٹوڈنٹ ویزہ ایجنٹس سے بچیں جو انسانی سمگلنگ جیسے گھنائونے کاروبار میں ملوث ہیں، جس سے عالمی سطح پر ملک کے تشخص کو نقصان پہنچتا ہے۔