پاک مسلم الائنس کے پی ایس 99سے امیدار حلیم عادل شیخ کے حق میں دستبردار

لوگ ساتھ دیں ملک میں اب ظلم کی تاریک راتوں کا خاتمہ ہونے جارہاہے،حلیم عادل شیخ

بدھ 18 جولائی 2018 16:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) کراچی پریس کلب میں تحریک انصاف اور پاک مسلم الائنس کی مشترکہ پریس کانفرنس ہوئی ،جس میں پاکستا ن مسلم الائنس کے چیئرمین امان اللہ خان پراچہ نے پی ایس 99میں تحریک انصاف کے امیدوارحلیم عادل شیخ کی حمایت کا اعلان کیا،پریس کانفرنس میں شریک پاکستان مسلم الائنس کے امیدوار زاہد اعوا ن نے پی ایس 99میں حلیم عادل شیخ کے حق میں دستبرداری کا اعلان کیا، پاک مسلم لائنس کے چیئرمین امان اللہ پراچہ کااس موقع پر کہنا تھا کہ ہماری کابینہ کے اجلاس میں یہ فیصلہ طے پایا ہے کہ حلیم عادل شیخ سے زیادہ پی ایس 99میں کوئی بھی امیدوار قابل اعتماد نہیں ہے یہ ہی وجہ ہے کہ ہم اپنا امیدوار جو پی ایس 99سے کھڑا ہے حلیم عادل شیخ کے حق میں دستبردار کررہے ہیں ،ہمارے لیے عوامی مفاد سب سے مقدم ہے اسی لیے میں پی ایس 99میں موجود اپنے تمام ووٹرز سپورٹرز کو اپیل کرتا ہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں حلیم عادل شیخ کو ووٹ دیں اور ان کی کامیابی کے لیے ڈور ٹوڈور کمپین کریں کیونکہ حلیم عادل شیخ ایک سچا اور کھراعوامی لیڈر ہے عوام سے جو وعدے کرتا ہے وہ پورے کرتاہے ،اس موقع پرحلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ میں پاکستان مسلم الائنس کا شکر گزار ہوں کہ جنھوں نے میرے حق میں اپنا امیدوار دستبردار کیا، انہوںنے کہاکہ 25جولائی کی جو رات ہوگی وہ تحریک انصاف کی کامیابی کی رات ہوگی،ملک میں اب ظلم کی تاریک راتوں کا خاتمہ ہونے جارہاہے اس لیے آگے بڑھیں اور تحریک انصاف کا ساتھ دیں، ملک میں کرپشن او ر رشوت ستانی کا خاتمہ ہونے جارہاہے ،عوام گھروں سے نکلیں اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تحریک انصاف کوووٹ دیجئے ،پریس کانفرنس میں موجود حلیم عادل شیخ کے حق میں دستبردار ہونے والے پاک مسلم الائنس کے امیدوار زاہد اعوان نے بھی میڈیا سے خطاب کیا ان کا کہنا تھا کہ حلیم عادل شیخ پی ایس 99کی مقبول ترین عوامی لیڈر ہیں وہاں کی عوام کا ان پر بہت اعتبار ہے ،میں اپنے تمام ووٹرز جو مجھے کامیاب کروانے کے لیے اپناووٹ مجھے دینا چاہتے ہیں ان سے میں گزارش کرونگا کہ وہ اپناووٹ حلیم عادل شیخ کو دیں ،کیونکہ حلیم عادل شیخ سماجی خدمات میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور اس حلقے میں ایسے ہی عوامی نمائندے کی ضرورت ہے جو انسانیت کی بلا تفریق خدمت کرنے پر یقین رکھتاہوں ،زاہد اعوان نے کہاکہ حلیم عادل شیخ کی حلقہ پی ایس 99 میں کامیابی سو فیصد یقینی ہے ۔