سعودی عرب ،ْیمن میں برسر پیکار تمام سعودی فوجیوں کیلئے عام معافی کا اعلان

بدھ 18 جولائی 2018 17:01

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) سعودی عرب کے فرماں روا خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی جانب سے یمن میں تعینات تمام سعودی فوجیوں کے لئے عام معافی کا اعلان کردیا گیاجس سے ان فوجیوں کیخلاف کسی بھی قسم کی فوجی یا انضباطی کارروائی کے امکانات ختم ہوگئے۔خیال رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی حمایت یافتہ یمنی سرکاری فوج حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں شامل ہیں جس میں اب تک 10 ہزار کے قریب یمنی شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے شائع کردہ عام معافی کے بیان میں کسی خاص جرم کا ذکر نہیں کیا گیا اس کے بجائے یہ کہا گیا ہے کہ یہ اقدام فوجیوں کی بہادری اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے کیا گیا ہے۔مڈل ایسٹ مانیٹر کے مطابق شاہی معافی کا اطلاق ان تمام فوجیوں پر ہتا ہے جو یمن میں جاری ’آپریشن ریسٹورنگ ہوپ‘ میں حصہ لے رہے ہیں، جبکہ عام معافی کا اعلان خصوصی طور پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی خواہش پر شاہ سلمان نے کیا۔