انتخابات کے بعد سی پیک منصوبے کامیابی سے آگے بڑھیں گے

سی پیک نئی حکومت کیلئے بھی ترجیحات میں شامل ہوگا ، پاکستانی ادارے اور پاک فوج منصوبوں کی ضامن ہے،چینی میڈیا

بدھ 18 جولائی 2018 17:55

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان میں آئندہ انتخابات کے بعد چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبے عوام کی وسیع تر حمایت کے ساتھ مثبت طریقے سے آگے بڑھتے رہیں گے ،انتخابات کے بعد تشکیل پانے والی نئی حکومت کیلئے بھی سی پیک منصوبے ترجیحات میں شامل ہوں گے۔معروف چینی اخبار چائنا ڈیلی نے بدھ کو اپنے ایک مضمون میں کہا ہے کہ سی پیک پاکستان کیلئے ایک اسٹریٹجک فیصلہ ہے ، عام انتخابات کے بعد بھی سی پیک منصوبے وسیع تر اور مسلسل عوامی حمایت کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں گے۔

آئندہ حکومت کیلئے بھی سی پیک منصوبے ترجیحات میں شامل ہوں گے۔ پاکستان کے 22کروڑ عوام ،پاکستانی ادارے اور فوج سی پیک منصوبوں کی حمایت کرتے ہیں اور وہی اس کے ضامن ہیں۔

(جاری ہے)

سی پیک کے تحت منصوبے ایک عالمی ذمہ داری ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ سے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے۔سی پیک منصوبے دونوں اطراف کے مابین اتفاق رائے کے ساتھ طے پائے ہیں جن کے فوائد دونوں ممالک کیلئے مشترکہ ہیں۔

سی پیک کے تحت منصوبے پاکستان ، پاکستانی معیشت،روزگار کے مواقعوں اورسیکیورٹی کیلئے اہم ترین ہیں۔تمام سیاسی جماعتوں کے مابین اتفاق رائے موجود ہے۔ سی پیک کی ہر حالت میں اصولی طور پر حمایت جاری رکھنی ہے۔ پاکستانی عوام پہلے سے ہی سی پیک کے فوائد حاصل کر رہے ہیں اور یہ واضح ہے کہ پاکستان میں بجلی کا بحران حل کرنے میں مدد ملی ہے۔ سی پیک منصوبوں سے قبل پاکستان میں بجلی کا بحران تھا اور پاکستان کی صنعتوں کو عالمی برادری میں مقابلہ کرنے کیلئے مشکلات کا سامنا تھا۔

منصوبوں کے تحت پاکستان کے انفراسٹرکچر میں بہتری آئی ہے جس سے عوام کو سفری سہولیات میسر آئی ہیں اور رابطہ سازی کا عمل بہتر ہوا ہے۔ سی پیک سے قبل انفراسٹرکچر کی حالت خستہ تھی خاص طور پر نوآبادیاتی نظام میں برطانیہ نے جو ریلوے نظام متعارف کروایا تھا اس کی حالت ناقابل بیان تھی۔ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو چکے ہیں ، نئے کاروبار شروع ہو رہے ہیں اورنئے مواقعوں کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ سب کے سامنے ہے۔