دائود یونیورسٹی میں غیر تدریسی عملے کیلئے انگریزی اور آئی ٹی تربیتی کورس

بدھ 18 جولائی 2018 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) دائود یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے اپنے لوئر گریڈ ایڈمنسٹریٹو اسٹاف (غیر تدریسی عملی) کی استعداد کار بڑھانے کے پروگرام کے تیسرے مرحلے میں ملازمین کیلئے انگریزی زبان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی ) میں مہارت حاصل کرنے کیلئے 2 ماہ کے تربیتی کورس کا اہتمام کیا جو گزشتہ روز مکمل ہوا جس کا مقصد جامعہ کے شعبوں کے درمیان انگریزی زبان کا آسان استعمال اور کمپیوٹر پر تھا۔

جامعہ کے سیمینار ہال میں منعقد ہونے والی تقریب میں کامیابی سے کورس مکمل کرنے والے 25 ملازمین کو دائود انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی اور پرو وائس چانسلر پیر روشن دین شاہ راشدی نے کورس مکمل کرنے والوں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رجسٹرار سید وقار حسین شاہ ، ڈین آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کورآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ اور دیگر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ کسی بھی ادارے کی ترقی کیلئے ملازمین کی استعداد کار بڑھانا ضروری ہے اور ہم اسی عزم پر قائم ہیں کہ جہاں دائود یونیورسٹی انجینئرنگ کی بہترین تعلیم فراہم کررہی ہے وہیں وہ اپنے اسٹاف اور فیکلٹی کو منظم اور مختلف امور میں مہارت کیلئے ورکشاپس اور تربیتی کورسز کا انعقاد پر بھی توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہے۔