روپے کی قدر میں استحکام صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے سے مشروط ہے، طارق ملک

ڈالر کی قیمت میں اضافے پر کاٹی کا اظہار تشویش ، بڑھتی ہوئی پیدواری لاگت کا مسئلہ سنگین ہوجائے گا، صدر کاٹی

بدھ 18 جولائی 2018 18:12

روپے کی قدر میں استحکام صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے سے مشروط ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک، سینیئر نائب صدر سلمان اسلم اور نائب صدر جنید نقی نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی گرتی قیمت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کاٹی سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے صنعتی خام مال کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا جو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کا شکار صنعتی شعبے کے مسائل میں مزید اضافے کا باعث بنے گا اور یہ چیلنج مزید سنگین شکل اختیار کرلے گا۔

طارق ملک نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں مستحکم روپے کا ہدف برآمدات میں اضافے اور تجارتی خسارے میں کمی کے بغیر حاصل نہیں کیا جاسکتا۔ طارق ملک کا کہنا تھا کہ صنعت کار اور برآمدکنندگان برآمدات میں اضافے کے لیے اقدامات پر زور دیتے رہے ہیں، لیکن سابقہ حکومت اور پالیسی سازوں کی جانب سے اس جانب مطلوبہ توجہ نہیں دی گئی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک دہائی سے پاکستانی صنعتوں کو مسلسل بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کے مسائل درپیش ہیں، دوسری جانب غیر ضروری درآمدات ہونے اور برآمدات میں اضافے کے لیے درست سمت میں پالیسی اصلاحات نہ ہونے کی وجہ سے تجارتی خسارہ بحرانی شکل اختیار کرچکا ہے۔

طارق ملک نے کہا کہ ملک میں اگلے ہفتے عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے، توقع کرتے ہیں کہ نئی منتخب ہونے والی حکومت معاشی اصلاحات ، برآمدات میں اضافے اور صنعتی لاگت میں کمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر کو مستحکم کرنے کے لیے صنعتی اور برآمداتی شعبے کا استحکام کلیدی اہمیت رکھتا ہے، اسی طرح ملک میں سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

متعلقہ عنوان :