پنجاب بھر کے سکولوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

غفلت برتنے والے سی ای اوزایجوکیشن کیخلاف کارروائی کی جائیگی

بدھ 18 جولائی 2018 18:12

پنجاب بھر کے سکولوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ..
لاہور۔18جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) پنجاب بھر کے سکولوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی، غفلت برتنے والے سی ای اوز ایجوکیشن کیخلاف کارروائی کی جائیگی، سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر کے چیف ایگزیکٹوآفیسرز (سی ای اوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیزکو مراسلہ جاری کردیا، مراسلہ میں ضلعی تعلیمی افسران سے کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے ایسے سرکاری سکولز جہاں پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں لیکن چار دیواری موجود نہیں ہیں ، ایسے سکولوں میں ٹینٹ اورقنات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور آئندہ دو روز میں تمام سہولیات مکمل کرکے اعلیٰ حکام کو رپورٹ کریں، مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کیلئے پولنگ اسٹیشن والے سرکاری سکولوں میں بجلی موجود نہیں وہاں بجلی کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہئے اور جن پولنگ اسٹیشن میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ہوگی ،ان پولنگ اسٹیشنز میں جنریٹر کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات دیئے گئے ہیں، مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن اضلاع کے چیف ایگزیکٹوآفیسرز(سی ای اوز) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے پولنگ اسٹیشن والے سکولوں میں بنیادی سہولتوںکی فراہمی یقینی بنانے میں غفلت وکوتاہی کا ارتکاب کیا ان کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی، مراسلہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میںقائم پولنگ اسٹیشن میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے دی گئی ہیں اور سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو فوری عملدرآمد کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔