زراعت اور صحت کے تحفظ کے لئے پنجاب یونیورسٹی پی ایچ ڈی امیدوار کی دریائے راوی پر تحقیق

بدھ 18 جولائی 2018 18:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے پی طایچ-ڈی سکالر مجتبیٰ باقر نے پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید احمد کی زیرِ نگرانی کامیابی سے اپنی پی - ایچ-ڈی کی ڈگری مکمل کر لی ہے۔ ان کی تحقیق کا عنوان ''پاکستان کے دریائے راوی اور اس کے شمالی معاون نالوں میں منتخب مستقل کیمیائی نامیاتی اجزا کی تشخیص'' تھا، جو کہ سائنس اور تحقیق کی دنیا میں ایک منفرد کام ہے اس تحقیق کا بنیادی مقصد دریائے راوی اور اس کے معاون نالوں میں ان کالعدم مستقل نامیاتی اجزا کی مبینہ مقدار کا اندازہ لگانا تھا جو کہ رچنا دوآب کے ملحقہ علاقوں میں استعمال کئے جا رہے ہیں۔

مزید بر آں، جموں و کشمیر کے راستے ہونے والی بین السرحدی آلودگی کے ماحولیاتی اور انسانی صحت پر ان مستقل کیمیائی مادوں کے اثرات کا تجزیہ کرنا بھی اس تحقیق کا حصہ تھا۔

(جاری ہے)

اس تحقیقی مطالعے سے کالعدم نامیاتی مادوں کی انوینٹری بنانے میں مدد حاصل ہو گی تا کہ سٹالک ہوم کنوینشن (2001ئ) کی مد میں بنائے جانے والے ''قومی ایکشن پلان'' پر عمل درآمد کروایا جا سکے۔ تاہم اس تحقیق میں ''ماحولیاتی کوالٹی کے معیارات'' بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں زراعت اور انسانی صحت کو ان مستقل نامیاتی اجزا سے لاحق خطرات سے نمٹا جا سکے۔اور اب تک چار مختلف بین الاقوامی شہرت کے حامل سائنسی و تحقیقاتی مقالوں میں شائع ہو چکا ہے۔