ایس ای سی پی کے ملازمین کا ایک دن کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے قائم فنڈ میں دینے کا اعلان

بدھ 18 جولائی 2018 18:25

ایس ای سی پی کے ملازمین کا ایک دن کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے قائم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ملازمین نے ایک دن کی تنخواہ ڈیموں کی تعمیر کیلئے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں ایس ای سی پی نے 88 ہزار کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ڈیموں کے تعمیر میں دل کھول کر عطیات دیں۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں ڈیموں کی تعمیر کیلئے عدالت عظمیٰ کی جانب سے ڈیم فنڈ اکاؤنٹ قائم کرنے کے اقدام کو سراہا گیا ہے اور کمپنیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس قومی معاملہ میں سوشل کارپوریٹ رسپانسبلٹی کے تحت بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے ڈیم کی تعمیر میں شمولیت ملک کو درپیش پانی کے بحران کے حل میں معاون ثابت ہوگا۔ ان ڈیموں کی تعمیر نہ صرف آنے والے سالوں میں پانی کی ضرورت پوری کرے گی بلکہ اس طرح ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا جو کارپوریٹ سیکٹر کی ترقی و فروغ کا باعث ہوں گی۔

(جاری ہے)

عدالت عظمی ٰنے بجا طور پر کہا ہے کہ ملک کی بقاء کیلئے پانی کے وسائل اہم ہیں اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔ اس سلسلہ میں عدالت عظمیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عطیات دیں۔