انتخابی مہم اورپولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیںگے‘ڈاکٹر حسن عسکری

پولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم تشکیل دیا گیاہے،سی سی ٹی وی کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائیگی الیکشن ڈے یاانتخابی مہم کے دوران ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کے واقعات قطعاً برداشت نہیں کئے جائینگے‘نگران وزیراعلیٰ پنجاب

بدھ 18 جولائی 2018 18:25

انتخابی مہم اورپولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیںگے‘ڈاکٹر ..
ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ انتخابی مہم اورپولنگ ڈے پر بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیںگے،سرکردہ سیاسی رہنماؤں کو باکس سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں ساہیوال ،سرگردھا اورفیصل آباد ڈویژن کے کمشنرز اورآر پی اوزکے اجلاس میں عام انتخابات کے انتظامات اورامن وامان کی صورتحال کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹرحسن عسکری نے کہا کہ الیکشن کے دن عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے سکیورٹی کے ممکنہ حد تک بہترین اقدامات کیے جائیںگے۔

شفاف اورغیر جانبدار انتخابات کیلئے ضابطہ اخلاق کی پابندی انتہائی اہم امر ہے۔

(جاری ہے)

ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اورامیدواروں کے ساتھ مشاورت کا عمل بھی جاری رہے گا۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ تینوں ڈویژنوں میں قائم مجموعی طورپر 14ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم تشکیل دیا گیاہے اورسی سی ٹی وی کے ذریعے کلوز مانیٹرنگ کی جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ الیکشن ڈے یاانتخابی مہم کے دوران ہوائی فائرنگ اورآتش بازی کے واقعات قطعاً برداشت نہیں کئے جائیںگے ،شکایت کی صورت میں بلاامتیاز اورفوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ہوائی فائرنگ اورآتش بازی پر زیروٹالرنس کی پالیسی پر عملدر آمد جا ری ہے ۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہاکہ پولنگ سٹیشنزپر ووٹرز اورعملے کی سہولت کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

پولنگ سٹیشنزپر فزیکل انفراسٹرکچر کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر کی جانی چاہیے۔ متعلقہ افسران پولنگ سٹیشنز کا دورہ کر کے سہولتوں کا جائزہ لیں اورانتظامات کوممکنہ حد بہتر بنانے کی کوشش کریں۔پولنگ ڈے پر بجلی کی بلاتعطل فراہمی ضروری امر ہے۔متوقع بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات بے حد ضروری ہے ۔نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبہ بھر کے سول سرونٹس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا غیر جانبدارانہ مظاہرہ کریں اورالیکشن جیسی قومی خدمت میں حصہ بٹائیں کیونکہ آزادانہ اورشفاف انتخابات ڈیوٹی ہی نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے اوراس ذمہ داری کوٹیم ورک کے ساتھ پروفیشنل انداز میں ادا کیاجانا چاہیے۔

قبل ازیںفیصل آباد،ساہیوال اورسرگردھا کے کمشنرز اور آر پی اوز نے متعلقہ ڈویژن میں الیکشن انتظامات اورامن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ۔بریفنگ میں بتایاگیا کہ تینوں ڈویژن میں 1800حساس پولنگ سٹیشنز پر ضروری انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔اجلاس میں نگران صوبائی وزراء ضیاء حیدر رضوی ،شوکت جاوید،سیکرٹری ٹو سی ایم اوردیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی ۔