ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر درخت لگانے ہوں گے‘نعمان کبیر

ماحولیاتی آلودگی سے پاک معاشرے کا قیام کوالٹی آف لائف کو مزید بہتر بنائے گا ‘صوبائی وزیر لائیوسٹاک

بدھ 18 جولائی 2018 18:29

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیر لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ میاں نعمان کبیرنے کہا ہے کہ کلائمنٹ چینج ایک اہم گلوبل ایشو ہے اور اس کے متاثرہ ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے وسیع پیمانے پر درخت لگانے ہوں گے، ماحولیاتی آلودگی سے پاک معاشرے کا قیام کوالٹی آف لائف کو مزید بہتر بنائے گا اور صاف ماحول بچوں و نوجوانوں کی صحت کو بہتر رکھنے میں اپنا کردار ادا کرئے گا،ماحول دوست پودے زمین کا زیور اور آکسیجن کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ہیں۔

درخت فطرت کا حسین تحفہ ہیں ان کا تحفظ اور فروغ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔معاشرے کے ہرفرد کو شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی یونیورسٹی میںشجر کاری مہم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں نعمان کبیر نے کہا کہ شجرکاری مہم کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دینا ہے کیونکہ شجرکاری ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتی ہے لہٰذا عوام شجرکاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شجرکاری مہم کے دوران تین ماہ میں 3کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔ جنگلات ہمارے ملک کا حسن ہیں ان کے تحفظ اور دیکھ بھال کیلئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت جنگلات کی بہتری پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ درخت اور پودے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ اور زمین کے کٹاؤ کو روکنے کا اہم ذریعہ ہیں اور ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ اس مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اس قومی ذمہ داری نبھائیں۔

انہوں نے کہا کہ شجر کاری مہم کے بعدپودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کو یقینی بنانا بھی معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا اور اساتذہ کو چاہئے کہ وہ شجر کاری کے حوالے سے معاشرے میں آگاہی دینے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :