Live Updates

چیئرمین عمران خان 22جولائی کو باغِ جناح میں ایک اہم جلسہ کریں گے،ڈاکٹرعارف علوی

ہمارے کارکنوں پر حملے تشویشناک ہیں، کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں،پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 18:29

چیئرمین عمران خان 22جولائی کو باغِ جناح میں ایک اہم جلسہ کریں گے،ڈاکٹرعارف ..
کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان 22جولائی کو باغِ جناح میں ایک اہم جلسہ کریں گے۔ہمارے کارکنوں پر حملے تشویشناک ہیں۔ کراچی کو کوڑا کرکٹ کا ڈھیر بنانے والے کس منہ سے ووٹ مانگتے ہیں۔ بریانی کھلا کر ووٹ مانگنے والوں سے شہری مطمئن نہیں ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو باغ جناح میں عمران اسماعیل اور فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ا موقع پر رشید گوڈیل،جمال صدیقی، بلال غفار، اسلم خان، آفتاب جہانگیر، اسلم بھاشانی، منصور شیخ، عطاء اللہ ایڈووکیٹ، عزیز آفریدی، افتخار فاروقی، الیاس شیخ، طاہر ملک اور فضا ذیشان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ عمران خان کا22جولائی کو باغِ جناح میں ہونے والا جلسہ تاریخ ساز ہوگاجس میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔

کمشنر ڈسٹرکٹ ایسٹ ہمارے ساتھ کوئی کھیل نہ کھیلیں۔ پی پی چوروں اور لٹیروں کی سیاست کر رہی ہے جس سے ہم کراچی کو آزاد کریں گے۔ سندھ میں پی پی کی حکومت نہیں بنے گی۔ ہمارے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار آج ہمارے ساتھ ہیں۔ چیئرمین عمران خان کا جلسہ انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا۔ سینئر مرکزی رہنما عمران اسماعیل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے جلسے کے لیے مئی میں درخواست دی تھی۔

ہم نے انتظامیہ کو سب کو خطوط لکھے تھے۔ کل ان کا جواب آیا کہ ہمیں کیوں خط لکھا۔ یہاں انتظامیہ گراؤنڈ ایم کیو ایم کو دینا چاہتی ہے۔اگر چار دن نہ ملے تو ہمارا جلسہ اس طرح نہیں ہوگا جیسا ہم چاہتے ہیں۔ میں درخواست کرتا ہوں کہ اس کام میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔ ہمارے جلسے کا پلان آپ کے سامنے ہے۔ اس جلسے میں ہم پانچ لاکھ افراد کی آمد کی توقع کر رہے ہیں۔

جن لوگوں نے گزشتہ برسوں میں کراچی کو کچھ نہیں دیا، اب کیا دیں گے۔ پچھلے تیس سال میں کراچی والوں سے جھوٹ بولا گیا۔ کراچی دیکھ رہا ہے کہ عمران خان کے سوا کوئی آپشن نہیں۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ اب کراچی والوں کا موقع ہے ۔ثابت کریں کہ وہ نیا پاکستان چاہتے ہیں۔ آؤ اور ثابت کرو کہ تم پرانا کراچی نہیں چاہتے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس پارٹی کے یہاں جھنڈے لگے ہیں۔

سب سے زیادہ رونا ایم کیو ایم کا ہے۔ ہم نے سب کو آزمالیا، اس بار صرف عمران خان۔ وزیر اعظم اس بار کراچی سے ہوگا اور وہ عمران خان ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ لوگ اس بار چوکنے ہیں کہ عدلیہ اور فوج کے خلاف بات نہ ہو۔ میڈیا نے گزشتہ الیکشن میں ٹھپے لگاتے ہوئے خود دکھایا تھا۔ اگر لوگ ٹیلی فون اندر نہیں لے جاسکتے تو میڈیا کو اندر جانا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ کراچی کی آبادی غلط دکھائی گئی، ہم اس پر کام کریں گے۔ اگر کراچی کی آبادی زیادہ ہے تو اسے ظاہر ہونا چاہئے۔ صرف پی ٹی آئی کو کراچی کے مسائل نظر آرہے ہیں اور پی ٹی آئی ہی کراچی کے مسائل حل کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات