صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے وفد کی ملاقات

معاملات کا جائزہ لینے کیلئے ڈی سی لاہور کے ہمراہ جلد جنرل بس سٹینڈ ، بادامی باغ کا دورہ کروں گا‘میاں نعمان کبیر

بدھ 18 جولائی 2018 18:42

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ میاں نعمان کبیر سے آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد نے صوبائی وزیر کوچارٹر آف ڈیمانڈکے ذریعے ٹرانسپورٹ برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے پبلک ٹرانسپورٹرز کے وفدکو ان کے جائز مطالبات کے حل کی یقین دہانی کروائی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آپ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ ہے اور ٹرانسپورٹروں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مسافروں کو معیاری اور باوقار سفری سہولیات کی فراہمی پنجاب حکومت کا مشن ہے۔ٹرانسپورٹرز کی سہولت لئی111678711ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے جس پر گاڑیوں سے متعلقہ شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پبلک ٹرانسپورٹرز کویقین دہانی کروائی کہ وہ ڈپٹی کمشنر لاہور کے ہمراہ جنرل بس سٹینڈ اور بادامی باغ لاہور کا جلد دورہ کریں گے۔صوبائی وزیر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاسوں میںپبلک ٹرانسپورٹ کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے تا کہ ان کی سفارشات کی روشنی میں ٹرانسپورٹ کی سہولتوں کو مزید بہتر کیا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ نگران حکومت اپنی محدود مدت میں عوام کے مسائل کے حل اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے مسلسل کوشاں ہے تا کہ عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں۔