پاکستان کی بڑی نجی ائیرلائن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

شاہین ائیرلائن کے سعودی عرب سمیت عالمی فلائٹ آپریشن آئندہ ہفتے معطل کیے جانے کا امکان، شاہین ائیرلائن اور سول ایوی ایشن کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی پر تنازع ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 18 جولائی 2018 18:19

پاکستان کی بڑی نجی ائیرلائن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان کی بڑی نجی ائیرلائن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ، شاہین ائیرلائن کے سعودی عرب سمیت عالمی فلائٹ آپریشن آئندہ ہفتے معطل کیے جانے کا امکان، شاہین ائیرلائن اور سول ایوی ایشن کے درمیان ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی پر تنازع ہے۔ تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی اور شاہین ایئرلائن انٹرنیشنل کے مابین ادائیگیوں کے تنازع کے باعث شاہین ایئر کی پروازیں جزوی طور پر معطل ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

شاہین ایئر کے سعودی عرب کے علاوہ دیگر عالمی فلائٹ آپریشن کو آئندہ ہفتے سے معطل کیے جانے کا امکان ہے۔ ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی پرویز جارج نے کہا ہے کہ سول ایوی ایشن نے ابھی تک شاہین ایئرکی اندرونِ ملک اور سعودی پروازوں کیلئے اپنی سہولیات اور خدمات معطل نہیں کیں۔

(جاری ہے)

تاہم ڈیڑھ ارب روپے کی عدم ادائیگی کی بنا پر شاہین ایئر کی سعودی عرب کے علاوہ دیگر بیرونِ ملک پروازوں کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی خدمات اور سہولیات کا سلسلہ 16 جولائی سے منقطع کیا جانا تھا۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا ہے کہ اس سلسلے میں شاہین ایئر کو پہلے ایک نوٹس کے ذریعے مطلع کیا جائیگا اور میڈیا کے ذریعے بھی اعلان کیا جائیگا تا کہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ دوسری جانب نمائندہ برائے شاہین ایئر لائن ذوہیب حسن کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ نے سول ایوی ایشن کی جانب سے 13 جولائی کو جاری کردہ مراسلے پر عملدرآمد روک دیا ہے۔

اس مراسلے میں اتھارٹی نے سہولیات کی فراہمی روکنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شاہین ایئر نے سی اے اے کا خط چیلنج کردیا ہے جو خود 1994 کے سول ایوی ایشن رول 373 کی خلاف ورزی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے سول ایوی ایشن پر شاہین ایئر کیساتھ امتیازی سلوک کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ جبکہ تجارتی حلقوں میں پھیلی افواہوں کی بھی تردید کی گئی ہے۔

افواہوں کے مطابق شاہین ایئر کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرلائن نے حال ہی میں اردن سے 6 طیارے خریدے ہیںاور تمام ادائیگیاں وقت پر کی جارہی ہیں۔ صرف سول ایوی ایشن اور ایف بی آر کی کچھ ادائیگیوں کا تنازع ہے۔ اس کیساتھ انہوں نے ایئر لائن فروخت کیے جانے کی افواہیں بھی مسترد کردیں۔ ان کا کہنا تھا کوئی ایک منافع بخش کاروبار کو کیوں فروخت کرنا چاہے گا۔