آزادکشمیرمیں سیاحت کے فروغ کیلئے آئندہ 20دنوں میں جامع ٹورازم پالیسی کا اعلان کر دیا جائیگا،وحید الدین

آزادکشمیر میں روڈ نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے پر مزید توجہ دی جائے گی اور یہاں کی سڑکوں کی تعمیر کے معیار کو بہتر بنایا جائیگا، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر گڈ گورننس یقینی بنانے کیلئے میڈیا کا مثبت کردار نہایت ضروری ہے میڈیا حکومت کا چوتھا ستون ہے حکومت اس ستون کی کامیابی کیلئے کردار ادا کررہی ہے،خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 18:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر میاں وحید الدین نے کہا ہے کہ آزادکشمیرمیں سیاحت کے فروغ کیلئے آئندہ 20دنوں میں جامع ٹورازم پالیسی کا اعلان کر دیا جائیگا۔ آزادکشمیر میں روڈ نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے پر مزید توجہ دی جائے گی اور یہاں کی سڑکوں کی تعمیر کے معیار کو بہتر بنایا جائیگا۔

آزادکشمیر میں ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا جائیگا ،ہم اپنی توجہ’’ علاج سے بہتر احتیاط‘‘ کی طرف منتقل کررہے ہیں جس کیلئے عوام کو صاف پینے کے پانی سمیت صحت کی دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔ ریاست بھر میں لینڈ سلائیڈنگ کے 12خطرناک ترین مقامات کی نشاندہی ہو چکی ہے یہاں پر بھی حفاظتی تعمیرات کی جائیں گی ، پارکس کی تعمیر کیلئے بہترین جگہوں کی نشاندہی کی جائے حکومت فنڈز فراہم کریگی ۔

(جاری ہے)

سڑکوں کی دیکھ بھال کے اخراجات پورنے کرنے کیلئے عوامی کی استعداد کے مطابق ٹول ٹیکس لگایا جائیگا۔ ناقص تعمیرات اور تجاوزات کی روک تھام کیلئے بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی قائم کی جارہی ہے ،فالو اپ کے بغیر محکموں کی کارکردگی بہتر نہیں بنائی جاسکتی ۔ فوج ہمارا قومی ادار ہ ہے جو ملک کی حفاظت کیلئے جانوں کی قربانیاں دے رہا ہے ، سرکاری گاڑیوں کا قانونی استعمال یقینی بنانے کیلئے پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا ۔

ا ن خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کو سٹیٹ گیسٹ ہائوس میں سینئر صحافیوں کے ساتھ نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ کے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت و آئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال بھی موجود تھے ۔ چیف سیکرٹری نے کہاکہ گڈ گورننس یقینی بنانے کیلئے میڈیا کا مثبت کردار نہایت ضروری ہے میڈیا حکومت کا چوتھا ستون ہے حکومت اس ستون کی کامیابی کیلئے کردار ادا کررہی ہے ۔

انہوں نے صحافیوں سے کہاکہ آپ حکومت کا حصہ ہیں آپ اپنے آپ کو حکومت سے باہر نہ سمجھیں ۔ انہوں نے کہاکہ مضبوط میڈیا مستحکم جمہوریت کیلئے اہم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں بہتر روڈ نیٹ ورک قائم ہے جس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے مزید دوسال تک توجہ دی جاتی رہے گی ۔ انہوں نے کہاکہ سڑکوں پر 1400مقامات ایسے ہیں جہاں حادثات کا خدشہ ہے ،ان مقامات پر سڑکوں کو محفوظ بنایا جائیگا جبکہ لینڈ سلائیڈنگ کی 12جگہوں پر نشاندہی ہو چکی ہے وہاں پر کوہالہ طرز پر حفاظتی چھت بنائی جائیگی ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے حکومت علاج کے بجائے احتیاط کی طرف توجہ منتقل کررہی ہے تاکہ بیماری پیدا ہونے کے قبل ہی احتیاط برتی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ اس ضمن میں صاف پانی کی دستیابی اہم ہے اور اس ضمن میںحکومت منصوبہ بندی کے تحت کام کررہی ہے اور تمام بڑے بڑے شہروں میں صاف پینے کے پانی کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ مظفرآباد میں دریائوں میں گند ڈال کر پانی کو آلودہ کیا جارہا ہے اس کیلئے واٹر ٹریٹ منٹ پلانٹ لگا یا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ صحت کے شعبے میں انفراسٹرکچر پر بہت کام ہوچکا مگر ڈاکٹروں کی قلت ہے جس کو پورا کیا جائیگا ۔ شعبہ تعلیم کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزادکشمیر میں شرح خواندگی پاکستان کے دیگرصوبوں سے زیادہ ہے یہاں پر بچیوں کی تعلیم کی شرح لڑکوں سے زیادہ ہے ۔

انہوں نے کہالڑکوں اور لڑکیوں میں تعلیمی شرح میں فرق کی وجہ سے سماجی مسائل پیدا ہورہے ہیں جن کے تدارک کیلئے یونیورسٹیوں میں خاص پروگرام شروع کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ تمام شعبہ جات حکومت کیلئے اہم ہیں جن شعبوں میں کم فنڈنگ کی گئی ان کی فنڈنگ کو بڑھایا جائیگا ۔ انہوں نے کہاکہ میں نے میرپور ، کوٹلی ، راولاکوٹ کا دورہ کیا حکومت صحیح سمت کام کررہی ہے ۔

میرپور میں سی پیک کے تحت اکنامک زون کے قیام سے یہاں انڈسٹریز کو ترقی ملے گی اور روزگار کے مواقع ملیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی کیلئے آزادکشمیر بہت گنجائش ہے اس سلسلہ میں 20دن میں سیاحت پالیسی کا اعلان کیا جائیگا۔ سیاحت کے فروغ کیلئے انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ لوگوں کے بہتر رویے بھی ضروری ہیں تاکہ سیاح زیادہ سے زیادہ آئیں ۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت کی ترقی کیلئے حکومت سہولت کار کا کردار ادا کریگی جبکہ ہوٹل ، ریسٹورنٹس نجی شعبہ بھی شعبہ بنائے گا اوراس سلسلہ میں نجی شعبہ کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ آگے بڑھ کو سرمایہ کاری کرے ۔ انہوںنے کہاکہ اگلے سال تک ایک سو نئے ٹورسٹ ریزارٹ بنائے جائیں گے تاکہ لاکھوں سیاح یہاں آکر لطف اندور ہو سکیں چیف سیکرٹری نے کہا کہ آزاد کشمیر مین پن بجلی کی پیداوار کی بہت گنجائش ہے ۔

چیف سیکرٹری نے کہاکہ آزادکشمیر میں پولیس بہت اچھا کام کررہی ہے ، امن و امان کی صورتحال تسلی بخش ہے اور یہاں صلح و صفائی کا ماحول ہونے کی وجہ سے جرائم کی شرح بہت کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد کو مزید خوبصورت دارلحکومت بنانے کیلئے ’’سٹی ڈویلپمنٹ پلان ‘‘منصوبہ شروع کرینگے ۔ جنگلات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہاکہ اس شعبہ میں بہتری لانے کی بہت ضرورت ہے جس کیلئے میڈیا سول سوسائٹی کے اندر شعور پیدا جاگر کر سکتا ہے ۔

اس وقت بہت درخت ہیں ان کی تعداد بڑھا کر ماحول کو انسان دوست بنایا جا سکتا ہے ۔ تیرہویں آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس ترمیم کے ذریعہ انسانی حقوق کی شقیں اس کا حصہ بنائی گئی ہیں ایسے معاملات جن میں حکومت پاکستان کی ضرورت نہیں ان میں ہماری حکومت کو اختیار حاصل ہے کہ وہ قانون سازی کرے اور حالات کے مطابق عملدرآمد بھی کرے ۔

ترقیاتی بجٹ کو اس مالی سال میں دوگنا سے بھی زیادہ کیا گیا ہے جبکہ پی ایس ڈی پی میں شامل منصوبے اس کے علاوہ ہیں ۔ یہ خطہ مقبوضہ کشمیر سے ہر لحاظ سے بہتر اور مثالی ہے آزادکشمیر میں دہرے ٹیکسوں کے حوالے سے سوال پر چیف سیکرٹری نے کہاکہ اگلے چند ہفتوں میں اس معاملے پر مزید پیش رفت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اب آزادکشمیر کے آفیسر زپاکستا ن میں ڈی سی اور پولیس میںلگ سکیں گے اس ضمن میں ہم نے وفاق کو لکھ دیا ہے ۔

ایک سوال پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ سالڈ ویسٹ ڈسپوزل ، صاف پینے کے پانی کی فراہمی ، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور اس کے لیے علیحدہ منصوبہ بھی لارہے ہیں ۔ سیکرٹری اطلاعات سیاحت وآئی ٹی نے اس موقع پر ایک سوال پر کہاکہ میں نے نیلم کا دورہ کیا ہے اور اس دوران محکمہ زراعت کے ذمہ داران کو بلا کر ہدایت کی ہے کہ یہاں پر مقامی سبزیوں کو اگایا جائے اور فارم بنائے جائیں تاکہ باہر سے آنے والے سیاحوں کو دیسی سبزیاں ملیں اور سیاحوں کیلئے مزید کشش پیدا ہو اس کیلئے حکومت لوکل کمیونٹی کو مائیکرو کریڈٹ بھی دے گی جبکہ نباتات کی سمگلنگ کے حوالے سے سیکرٹری جنگلات کے نوٹس میں لایا گیا ہے جس پر سمگلنگ کی روک تھام کیلئے کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔