نگران صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کارڈ یالوجی انسٹی ٹیوٹ حیات آباد کا دورہ

کیا،مختلف شعبوں کے امور کا تفصیلی جائزہ صوبے میں تحصیل کی سطح پر بھی امراض قلب کے چھوٹے مراکز کا قیام انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر محمد دائود

بدھ 18 جولائی 2018 18:59

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر مواصلات و تعمیرات ، ماہر امراض چشم ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر محمد دائود نے بدھ کے روز حیات آباد پشاور کے علاقے میں قائم کارڈ یالوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ کیا ،انسٹیٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ اور ان کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پشاور انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں دل کے امراض کے مریضوں کو تمام طرح کی طبی سہولیات فراہم ہونگیں،صوبے میں تحصیل کی سطح پر بھی چھوٹے چھوٹے امراض قلب کے مراکز کا قیام انتہائی ضروری ہے تا کہ دل کے امراض کے مریضوں کو اپنے گھروں کے قریب فوری علاج معالجہ کی سہولت میسر آ سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈ یالوجی حیات آباد کی اہمیت اور افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنی نوعیت کا یہ مثالی ادارہ ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ کما حقہُ اسے طبی سہولتوں کا مرکز بنایا جائے۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے پراجیکٹ ڈائریکٹر حفیظ اللہ نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 5 منزلہ عمارت پر مشتمل یہ منصوبہ 2638.34 ملین روپے کی خطیر رقوم سے تعمیر ہوا ہے جو کہ 33.3 کنال اراضی کے رقبے پر محیط ہے ۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ انسٹی ٹیوٹ کو عوامی ضروریات سے ہم آہنگ بنائیں۔ دورے کے دوران سپرنٹنڈنگ انجینئر مواصلات نواز خان اور دیگر سرکاری افسران بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔

متعلقہ عنوان :