منافقانہ سیاست کے علمبردار تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کوبے وقوف نہیں بنا سکتے ،ذکر اللہ مجاہد

تعلیم ، صحت ، روزگار اور وسائل کی مصفانہ تقسیم ہر شخص کا بنیادی حق ہے

بدھ 18 جولائی 2018 19:02

منافقانہ سیاست کے علمبردار تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کوبے وقوف نہیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل و امیر جماعت اسلامی لاہور اور امیدوار پی پی 173 ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بار بار آزمائے ہوئے منافقانہ سیاست کے علمبر دار تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو اب بے وقوف نہیں بنا سکتے ۔ این اے 135 اور پی پی 173 میں ہمارا ذاتی مفادات کا کوئی ایجنڈا نہیں فقط عوام کی فلاح و بہود چاہتے ہیں ۔

تعلیم ، صحت ، روزگار اور وسائل کی مصفانہ تقسیم حلقہ سمیت ملک بھر کے ہر شخص کا بنیادی حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے این اے 135 اور پی پی 173 میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم میں لوگوں کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران اور کارنرمیٹنگز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی شہر بھر میں بنااقتدار کے خدمت خلق کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے ہم بلا رنگ و نسل اور مذہب کے انسانیت کی فلاحی و رفاہی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

یتیم بچوں کی کفالت ان کی پڑھائی لکھائی ، غریب بچیوں کی شادی کیلئے جہیز ، ڈسپنسریاں ، ہسپتال ، غریب علاقوں میں میڈیکل کیمپس کا انعقاد قربانی کی کھالوں کو اکٹھا کر کے کھالوں کی آمدن سے فلاحی و رفاہی کام کر رہے ہیں اگر وہ آپ کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار کے ایوانوں میں ہوں گے تو کیا ملک وقوم ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں چند خاندانوں نے پاکستان کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ملکی معیشت تباہ ، سرکاری و نیم سرکاری ادارے کرپشن کی آماجگاہیںبن چکے ہیں ۔

پاکستان عوام آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں کی دلدل میں دھنس چکی ہے۔ مختلف قسم کے بے تحاشہ ٹیکسوں سے عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے اور لوگ بھوک و افلاس کی پستیوں میں اپنی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں ۔ اس نظام کی تبدیلی کیلئے عوام کو 25 جولائی کو ملک و قوم کے بہتر مستقبل کیلئے ایم ایم اے کی عزت دار اور دیانتدارقیادت کا ساتھ دیں اور کتاب کے نشان پر مہر لگائیں ۔