الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرضلعی انتظامیہ کی کاروائیوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا

ضلعی انتظامیہ آزاد اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات

بدھ 18 جولائی 2018 19:27

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرضلعی انتظامیہ کی کاروائیوں ..
شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اظہر حیات نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شیخوپورہ میں آزادانہ اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تا کہ ملک میں جمہوریت کے تسلسل کو مضبوط کیا جا سکے۔ انہوں نے تمام ضلعی محکموں کے سربراہان کو جاری کیے جانے والے مراسلے میں امید ظاہر کی کہ عوام الناس کو سہولیات کی تیز تر فراہمی اور امن عامہ کی صورتحال کی کڑی نگرانی پیشہ ورانہ انداز میں کی جائے گی۔

دوسری جانب ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرضلعی انتظامیہ کی کاروائیوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا۔مانیٹرنگ ٹیموں کی نشاندہی پراسسٹنٹ کمشنر صاحبان، چیف آفیسرز اور ایس ایچ اوز نے کاروائیاں کرتے ہوئے ضلع بھر سے کُل غیر مجوزہ 76فلیکسز/بینرز / پورٹریٹس ، 3 بل بورڈز اور 6 وال چاکنگزختم کیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر آفس سے موصول ہونے والی تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے الیکشن ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سلسلے میں اب تک ضلع بھر میںمجموعہ ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت 18 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں اور 18 نظر بندیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

الیکشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر 78افراد کو نوٹسز جاری کیے گئے جن میں سے 64 پر ڈی سی شیخوپورہ کی جانب سے فیصلے سنائے جا چکے ہیں۔ 54 افراد کو جرمانے کیے گئے ہیں اور 10 افراد کو وارننگ دی گئی ہے۔