Live Updates

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی تھی، فیصلہ بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا، الزام ثابت ہونے پر تحریک انصاف پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے

muhammad ali محمد علی بدھ 18 جولائی 2018 19:15

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جولائی2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کی تھی، فیصلہ بابر اعوان کے دلائل مکمل ہونے کے بعد محفوظ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے بیرونی فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔

بدھ کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل سنگل بینچ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 12مارچ کے فیصلے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے وکیل بابر اعوان پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر تحریک انصاف کے سابق رہنماء اکبر ایس بابر کے وکیل احمد حسن شاہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ اکبر ایس بابر کو پارٹی سے نکالے جانے کے حوالے سے ستمبر 2011 کا لیٹر سامنے نہیں آیا اور لیٹر کے اصلی ہونے کے بارے میں بھی کوئی ثبوت موجود نہیں ہیں۔

اکبر ایس بابر کے وکیل نے کہا کہ پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کی کچھ تفصیلات حنیف عباسی کیس میں پہلے ہی پیش کی جا چکی ہیں۔ سماعت کے موقع پر الیکشن کمشین آف پاکستان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ قانون کے مطابق سکروٹنی کا عمل جاری ہے، 31 جولائی کو مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف درخواستوں پر بھی سماعت ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ الزام ثابت ہونے پر تحریک انصاف پر پابندی بھی عائد کی جا سکتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات