ضلع مہمند تحصیل صافی میں جماعت اسلامی کے جلسے میں بدنظمی سٹیج گر پڑا، سراج الحق بال بال بچے ،

شرکاء میں بھگدڑ مچ گئی مجلس عمل کے قیام سے کرپٹ سیاستدانوں کی نیندیں حرام ہو گئیں ہیں ،موجودہ وقت میں اسلحہ کی جنگ نہیں بلکہ ووٹ ہی کے ذریعے پر امن انقلاب برپا ہوگا، سینیٹر مشتاق خان، امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق و دیگر کا خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 20:31

ضلع مہمند تحصیل صافی میں جماعت اسلامی کے جلسے میں بدنظمی سٹیج گر پڑا، ..
مہمند (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) ضلع مہمند تحصیل صافی میں جماعت اسلامی کے جلسے میں بدنظمی سٹیج گر پڑا، شرکاء میں بھگدڑ مچ گئی، سراج الحق بال بال بچے،غلنئی وزیر کلے میں جماعت اسلامی قائدین کا بھر پور استقبال کیا گیا، محمد سعید خان کی کامیابی سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدلے گی۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل صافی اور غلنئی وزیر کلے میں جماعت اسلامی کے انتخابی جلسے سے سینیٹرو صوبائی امیر مشتاق خان، امیر جماعت اسلامی پاکستان و سینیٹرسراج الحق، این اے 42 کے اُمیدوار محمد سعید و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجلس عمل کے قیام سے کرپٹ سیاستدانوں کی نیندیں حرام ہو گئیں ہیں کیونکہ مجلس عمل کے اُمیدواروں کے منتخب ہونے سے ملک میں صاف و شفاف معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائیگا ،موجودہ وقت میں اسلحہ کی جنگ نہیں بلکہ ووٹ ہی کے ذریعے پر امن انقلاب برپا ہوگا۔

(جاری ہے)

ہم کرپشن کے خاتمے سمیت اسلامی نظام کے نفاذ کیلئے ہر قسم کی کوشش جاری رکھیں گے۔

ہم پاکستان کی بقاء اور تکمیل کی جنگ لڑ رہے ہیں، غلنئی وزیر کلے میں ملک اورنگزیب نے جماعت اسلامی قائدین کا بھر پور استقبال کیا۔ اور اس موقع پر سراج الحق نے عوام پر زور دیا کہ وہ محمد سعید خان کو کامیاب کر کے کرپٹ لوگوں کو شکست دیں، علاوہ ازیں تحصیل صافی میں جماعت اسلامی کے جلسہ عام میں قائدین کیلئے بنایا گیا سٹیج گر پڑا۔ سٹیج گرنے سے جلسہ عام میں بھگدڑ مچ گئی اور سٹیج گرنے سے سراج الحق بال بال بچ گئے۔ جبکہ خاصہ دار صوبیدار میجر جان محمد سمیت کئی کارکنان اور مقامی صحافیوں کو چوٹ لگ گئی اور اُن کے کیمرے بھی ٹوٹ گئے۔ مائیک پر بار بار اعلانات کے بعد عوام واپس پنڈال میں جمع ہو گئے جس کے بعد امیر سراج الحق نے کرسی پر کھڑے ہو کر عوام سے خطاب کیا۔