25جولائی سیکولرز، لبرلز اور دین بیزاروں کے سیاسی جنازے کا دن ہے،

دو دو بار ایم این اے اور سینیٹر بننے والوں نے مہمند کو تاریکیوں کے حوالے کیا،ایم ایم اے قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ،سینیٹر مشتاق احمد خان

بدھ 18 جولائی 2018 20:31

25جولائی سیکولرز، لبرلز اور دین بیزاروں کے سیاسی جنازے کا دن ہے،
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ 25جولائی سیکولرز، لبرلز اور دین بیزاروں کے سیاسی جنازے کا دن ہے، دین بیزار قوتیں پاکستان کے اسلامی تشخص کی درپے ہیں، ان قوتوں کو ناکام بنائیں گے اور پاکستان کے اسلامی تشخص اور اسلامی شعائر کی حفاظت کریں گے۔ قبائلی عوام تعلیم ، صحت اور روزگار سے محروم ہیں،ستر سال تک قبائلی علاقوں پر انگریز کے کالے قانون ایف سی آر کا راج رہا، قبائلی عوام نے بھرپور جدوجہد اور قربانیوں کے بعد ایف سی آر سے جان چھڑائی ، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا کر ان کی محرومیوں کا ازالہ کریں،قبائلی اضلاع میں صاف پانی اور بجلی کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے،ہماری حکومت آئی تو قبائلی علاقوں کے مسائل حل کریں گے اور قبائلی عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائلی ضلع مہمند کے علاقے دروازگئی میں این اے 42کے امیدوار محمد سعید خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ سے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر صاحبزادہ ہارون الرشید اور این اے 42کے امیدوار محمد سعید خان نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جن لوگوں نے سیاسی کچرا اور پیراٹروپرز کو اپنی پارٹی میں اکھٹا کیا ہے وہ پاکستان میں تبدیلی نہیں لاسکتے، چور کبھی بھی چور کا احتساب نہیں کرسکتا، ہر بار پارٹیاں بدلنے والوں نے ملکی خزانے کو بے تحاشہ لوٹا ہے، عوام ان لوگوں کو پہچانیں اور 25جولائی کو انہیں مسترد کردیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں مہمندکے کچھ لوگ سینیٹر اور ایم این اے رہے لیکن انہوں نے نہ مہمند میں پانی کا مسئلہ حل کیا، نہ ہی یہاں کے بچوں اور نوجوانوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کیں، دو دو بار ایم این اے اور سینیٹر بننے والوں نے مہمند کو تاریکیوں کے حوالے کیا،یہ لوگ مہمند عوام کے دشمن ہیں، ان لوگوں کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈول اور ڈانس کلچر کو مسترد کردیں اور انتخابات میں سراج الحق کے سپاہی بن کے گھر گھر اور گلی گلی جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں اور اپنے امیدوار کو کامیاب کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام نے جس طرح انگریزوں کے کالے قانون کو شکست دی اسی طرح انشاء اللہ 25جولائی کو انگریز کے پیروکاروںکو بھی شکست فاش دیں گے۔ 25جولائی کو این اے 42سے ملک سعید خان بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔