Live Updates

سب کی چھٹی اور لاڈلے کو کھلی چھٹی ایسا نہیں چلنے دیں گے،25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا‘شہباز شریف

عوام کی خدمت کرنا اور نواز شریف سے محبت گناہ ہے تو ہم ایسے ہزار گناہ کرنے کو تیار ہیں، تیر اور بلے کے نشان والوں کو شکست دے کر نواز شریف ،مریم نواز کو آزاد کروانا ہے‘ صدر مسلم لیگ (ن) کا راجن پور جلسے سے خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 21:13

سب کی چھٹی اور لاڈلے کو کھلی چھٹی ایسا نہیں چلنے دیں گے،25جولائی کو ہر ..
راجن پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 25جولائی کو ہر طرف شیر دھاڑے گا، مسلم لیگ (ن )کے قائد میاں محمد نواز شریف کو صرف مفروضوں کی بنا پر جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا گیا، جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، ملک میں سی پیک لایا، اس ملک کی معیشت کو سہارا دیااس نواز شریف کو سزا دی گئی ہے، اگر عوام کی خدمت کرنا اور نواز شریف سے محبت گناہ ہے تو ہم ایسے ہزار گناہ کرنے کو تیار ہیں، سب کی چھٹی اور لاڈلے کو کھلی چھٹی ایسا نہیں چلنے دیں گے، ہم نے تیر اور بلے کے نشان والوں کو شکست دے کر نواز شریف اور مریم نواز کو آزاد کروانا ہے۔

وہ گزشتہ روز روجھان، راجن پور میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کر رہے تھے، جلسہ گاہ پہنچنے پر میاں شہباز شریف کا والہانہ استقبال کیا گیا اور کارکنوں کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، جلسے کے آغاز میں راجن پور میں شہباز شریف دور میں کیے گئے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روجھان کے عوام کے سیلاب کو دیکھ کر بلوچ قوم کو سلام پیش کرتا ہوں، جنوبی پنجاب بلا شبہ مسلم لیگ (ن ) کا قلعہ ہے، انہوں نے کہا کہ لوٹوں کی اصل جگہ بیت الخلا ہے انہیں وہاں ہی رکھنا چاہیے، ہمیں چھوڑ جانے والے چند لوگ اچھے بھی تھے جو دبائو میں ہم سے الگ ہو گئے جبکہ باقی سب پیدائشی لوٹے تھے جن کو ہم نے 25جولائی کو ووٹ کی طاقت سے شکست دینی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کی عوام کے لیے ہم نے نواز شریف کی قیادت میں کئی کام کروائے، راجن پور میں دانش سکول بنایا، مظفر گڑھ میں ہسپتال بنایا، بہاولپور میں دل اور گردوں کے امراض کے ہسپتال بنائے، ملتان میں یونیورسٹی تعمیر کرائی اور گردوں کے امراض کا ہسپتال بنوایا، رحیم یار خان میں بھی یونیورسٹی بنوائی ، جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں میں چھٹی جماعت کی بچیوں کا وظیفہ 200سے برھا کر0 100روپے کر دیا۔

اللہ نے موقع دیا اور 25جولائی کو آپ نے اپنے ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا تو پہلی فرصت میں راجن پور آئوں گا اور یہاں یونیورسٹی اور دانش اسکول کی بنیاد رکھنے کے ساتھ 50پرائمری اسکول بھی تعمیر کروائوں گا۔میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے جھوٹ اور الزام کی سیاست نہ کر کے خدمت کی سیاست کی ہی، مسلم لیگ (ن ) نے اس ملک میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے جبکہ جھوٹا خان ایک کلو بجلی پیدا نہیں کر سکا، لاہور میں ڈینگی آیا تو عمران نیازی ہمیں ڈینگی برادران کہتا تھا، دوسری جانب جب خیبر پختونخواہ میں ڈینگی آیا تو یہ کہہ کر نتھیا گلی کے پہاڑوں پر بھاگ گیا کہ جب سردیاں آئیں گی تو ڈینگی چلا جائے گا، الزام خان نے ہم پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات لگائے اور میٹرو بس کو جنگلا بس بھی کہا جبکہ 5سال پشاور میں کچھ نہ کرنے کے بعدوہاں میٹرو بس شروع کروا دی اور وہاں کی عوام کو سوائے 70ارب کے کھنڈرات اور تکلیف کے کچھ نہ ملا۔

انہوں نے کہا کہ میں کراچی جاتا ہوں تو کہتا ہوں کہ کراچی کو لاہور بنا دوں گا، پشاور کو لاہور بنانے کا کہتا ہوں، خان صاحب آپ بتائیں کہ آپ لاہور کو پشاور بنانے کا کہیں گی جو شخص اپنے بیانات سے مکر جاتا ہو ایسا آدمی ملک چلائے گا، خدا نہ کرے کہ عمران خان کو ملک کی باگ دور ملے یہ آدمی ملک کو تباہی کے دہانے پر لے جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آپ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ 26جولائی کا سورج اگر مسلم لیگ (ن ) کا ہوا تو اپنی جان لڑا دوں گا اور قائد اور اقبال کا پاکستان بنا کر دم لوں گا، موقع ملا تو پاکستان کو ترکی اور ملائیشیاء سے بہتر ملک بنا دوں گا جبکہ ہندوستان کو پیچھے چھوڑنے کے لیے دن رات ایک کر دوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات