Live Updates

زلفی بخاری کی اے پی ایم ایل کے راہنمائوں سے ملاقات،مل کر انتخابی مہم چلانے کا عزم

این اے 53سے عمران خان کی کامیابی کے لئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے،زوہیب امجد

بدھ 18 جولائی 2018 21:23

زلفی بخاری کی اے پی ایم ایل کے راہنمائوں سے ملاقات،مل کر انتخابی مہم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی این ای53سے انتخابی مہم کے انچارج زلفی بخاری نے آل پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی دفتر میں پارٹی راہنمائوں سے ملاقات کی۔ملاقات میں حلقہ این اے 53سے عمران خان کی انتخابی مہم سے متعلق لائحہ عمل طے کیا گیا۔عمران خان کی کامیابی کے لئے دونوں اطراف سے مل کر انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آج (بدھ کو)این اے 53سے عمران خان کی انتخابی مہم کے انچارج زلفی بخاری نے آل پاکستان مسلم لیگ کے راہنما زوہیب امجد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر راجہ شاہد، راجہ رفیق، شیخ ساجد، چوہدری جہانگیر، سیدہ فردوس ، راجہ ثاقب اور دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات میں طے کیا گیا کہ تحریک انصاف کے سربراہ اور این ای53سے امیدوار عمران خان کی انتخابی مہم چلانے میں آل پاکستان مسلم لیگ بھرپور کردارادا کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زوہیب امجد نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے اسلام آباد کے لئے بے شمار ترقیاتی کام کروائے ہیں جن کی بنا پر ہم عوام کے پاس جارہے تھے مگر تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی درخواست پراے پی ایم ایل نے جذبہ خیرسگالی کے طورڈاکٹر محمد امجدکی عمران خان کے حق میں دستبرداری کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد سید پرویز مشرف کا خواب پاکستان کی ترقی اور عوام کی خوشحالی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان کے نظریات بھی اس سے مختلف نہیں ہیں۔اس لئے ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی جیسے بڑے مقصد کے لئے ان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ زلفی بخاری نے حمایت کے اعلان پر اے پی ایم ایل کے راہنمائوں کا شکریہ ادا کیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات