کشمیریوں نے بھارت کا غاصبانہ قبضہ کبھی تسلیم نہیں کیا کشمیر کا بھارت سے الحاق نہیں ہوا بلکہ غاصب بھارت نے جنت ارضی کشمیر پر جبری قبضہ کر رکھا ہے ِ

مظلوم کشمیری قوم حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا جلسہ عام سے خطاب ، وفود سے گفتگو

بدھ 18 جولائی 2018 21:43

کشمیریوں نے بھارت کا غاصبانہ قبضہ کبھی تسلیم نہیں کیا کشمیر کا بھارت ..
ڈسکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ19جولائی یوم الحاق پاکستان اس عزم کے اظہار کادن ہے کہ کشمیریوںنے بھارت کا غاصبانہ قبضہ کبھی تسلیم نہیں کیا۔ کشمیر کا بھارت سے الحاق نہیں ہوا بلکہ غاصب بھارت نے جنت ارضی کشمیر پر جبری قبضہ کر رکھا ہے۔ مظلوم کشمیری قوم حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

کشمیر کی آزادی اور پانیوں پر سے قبضہ چھڑانا ملی مسلم لیگ کے منشور میں شامل ہے۔انتخابات کے حوالہ سے سیاسی سرگرمیاں ملک گیر سطح پر بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ کارکنان ڈور ٹو ڈور مہم مزید تیز کر دیں۔ ہر شہر اور حلقہ میں امیدواران کا والہانہ استقبال ملی مسلم لیگ کی مقبولیت کی دلیل ہے۔

(جاری ہے)

خدمت انسانیت اور نظریہ پاکستان کی بنیاد پر سیاست کریں گے۔

وہ گورنمنٹ گرلز کالج بینک روڈ ڈسکہ میں پی پی 42سے ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے امیدوار مرزاشاہد صدیق اورپی پی 41سے امیدوار ڈاکٹر محمد حفیظ کی انتخابی مہم کے حوالہ سے منعقدہ جلسہ عام سے خطاب اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید و دیگر رہنمائوں کی ڈسکہ آمد پر شہریوں کی جانب سے ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔

اس دوران تاجروں اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کی جاتی رہیں۔جلسہ میں شریک افراد ملی مسلم لیگ کے حق میں زبردست نعرے بازی بھی کرتے رہے۔جماعةالدعوة کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت سرکار حریت لیڈروں پر جھوٹے مقدمات بنا کر انہیں جیلوں میں قید کر رہی ہے۔ سیدہ آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو بھی بلاجواز قید کیا گیا اور اب انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا ارتکاب کرتے ہوئے انہیں سری نگر کی سینٹرل جیل سے نئی دہلی جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پوری کشمیری قوم بھارت سرکار کی اس درندگی پر سراپا احتجاج ہے لیکن بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور ملکوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی سرکار تحقیقاتی ادارے این آئی اے کو کشمیری رہنمائوں کیخلاف جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ کشمیری لیڈروں کی طرح سرگرم صحافیوں، وکلاء اور تاجروں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔

مودی حکومت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ طاقت و قوت کے بل بوتے پر کشمیر پر زیادہ دیر تک اپنا غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رکھ سکتی۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ 19جولائی وہ تاریخی دن ہے جب مظلوم کشمیریوںنے الحاق پاکستان کا اعلان کیا اور اس وقت سے آج تک وہ دہشت گرد بھارت کیخلاف سینہ سپر ہیں۔ کشمیری قوم نے غاصب بھارتی فوج کیخلاف جو لازوال قربانیاں پیش کی ہیں انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوںنے کہاکہ ملک و قوم کا دفاع ہر فرد پر فرض ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے والے بیانیے ناقابل برداشت ہیں۔ پہلے بھی علیحدگی کی تحریکوں کھڑی کرنے کی کوششیں کی گئیں، اب بھی لسانیت اور فرقہ واریت کو ہوا دی جا رہی ہے، لیکن ہمارے حکمران اس بات کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ ان حالات میں نظریہ پاکستان پر متحد ہونے سے ہی بحرانوں سے نکلا جاسکتا ہے اور ملک و قوم کو ترقی کی راہ پر ڈالا جاسکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ منصوبے کے تحت ملک میں 71ء والی صورت حال پیدا کی جا رہی ہے۔ اُس وقت بھی انتخابات کے موقع پر افواج پاکستان کو متنازع بناکر پیش کیا گیا تھا۔ اداروں پر عوام کے اعتماد کو ختم کرنے کے لیے عدلیہ کو بھی مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ملی مسلم لیگ ملک دشمنوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے۔ملک بھر میں ڈسپنسریوں، ہسپتالوں اور ریسکیو سنٹرز کا نیٹ ورک مزید وسیع کریں گے۔