ن لیگ قاتل اور ختم نبوت قانون پر حملے کی مجرم جماعت ہے :عوامی تحریک

بدھ 18 جولائی 2018 21:52

ن لیگ قاتل اور ختم نبوت قانون پر حملے کی مجرم جماعت ہے :عوامی تحریک
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پی ٹی آئی کے قومی و صوبائی حلقوں کے امیدواروں نے خرم نواز گنڈاپور و دیگرر ہنمائوں سے ملاقات کی، اس موقع پر انتخابی وسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیال شریف سے صاحبزادہ محمد قاسم سیالوی کی قیادت میں مرکزی سیکرٹریٹ میں وفد آیا ، این اے 135 سے پی ٹی آئی کے امیدوار ملک کرامت کھوکھر، پی پی 173 کے امیدوار ملک سرفراز کھوکھر اور پی پی 159 لاہور سے امیدوار مراد راس نے مرکزی سیکرٹریٹ میں خرم نوازگنڈاپور و دیگر رہنمائوں سے ملاقات کی، خرم نواز گنڈاپور نے رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ قاتل اور ختم نبوت کے قانون پر حملے کی مجرم جماعت ہے، یہ کرپٹ اور مجرمانہ سوچ رکھنے والے لوگ ہیں جو جماعت دن دہاڑے 100 لوگوں کو گولیاں مرواسکتی ہے اور 14 کو قتل کروا سکتی ہے اس کے ہاتھ میں ملک کی باگ ڈور دینا پاکستان سے غداری ہے،انہوں نے کہا کہ ہم قاتل لیگ کا عدالتوں میں بھی اور سیاسی میدانوں میں بھی پیچھا کرتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف ’’انڈر ورلڈ ‘‘کے آدمی ہیں ،یہ لوٹ مار کی دولت بچانے کیلئے کسی حد تک بھی گر سکتے ہیں اور کسی بھی غیر ملکی قوت کے آلہ کار بن سکتے ہیں، ناجائز دولت سے اثاثے بنانے کے جرم میں سزا یافتہ ہونے کے باوجود قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور ان کے بچوں نے ایون فیلڈ کی ملکیت تسلیم کی اور اس کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہے جس پر انہیں سزا سنائی گئی، کرپشن ثابت نہ ہونے کا بیانیہ مضحکہ خیز اور انڈرورلڈ والا ہے، ملاقات کے دوران صاحبزادہ قاسم سیالوی نے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمدطاہرالقادری کی خیریت دریافت کی اور کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون جیسی بربریت کا کسی طور دفاع نہیں کیا جا سکتا، یہ انسانی قتل عام کا کیس ہے اس کے ذمہ داروں کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے، مراد راس نے کہا ماڈل ٹائون میرا حلقہ انتخاب ہے، میں نے بطور ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے فلور پر ہمیشہ ماڈل ٹائون کے مظلوموں کو انصاف دلوانے کی بات کی، سانحہ ماڈل ٹائون سیاست سے بالاتر ہے، پی ٹی آئی امیدوار کرامت کھوکھر، سرفراز کھوکھر نے بھی سانحہ ماڈل ٹائون کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی، خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک بطور جماعت الیکشن میں حصہ نہیں لے رہی تاہم صوبائی حلقہ جات پر مشتمل تنظیمات ووٹ دینے کے حوالے سے آزاد ہیں، ہمارا ایک ہی موقف ہے کہ خون لیگ کے کسی امیدوار کو ووٹ نہ دیا جائے، باقی جماعتوں کے ن لیگ سے سیاسی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن ہماری ان سے دشمنی ہے کیونکہ انہوں نے ہمارے کارکنوں کو قتل کیا ہے، اس موقع پر بشارت جسپال، نوراللہ صدیقی، راجہ زاہد محمود، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید، راشد چودھری، میاں افتخار احمد، خلیل چودھری، حاجی فرخ اعجاز، ارشاد ڈوگر، ساجد حمید، انعام اللہ گجر، اشرف انجم، قاری اشفاق موجود تھے۔