بھٹو خاندان نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ،بھٹو خاندان کی یہ شہادتیں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی ،

جمہوریت کے لئے دی جانے والی ہر شہادت اور قربانی ضائع نہیں ہوگی پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کاشاہ نواز بھٹو کی یومِ شہادت کے موقع پر پیغام

بدھ 18 جولائی 2018 22:08

بھٹو خاندان نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ،بھٹو خاندان کی یہ ..
ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر اور سابق صدرپاکستان آصف علی زرداری نے شہید شاہ نواز بھٹو کی یومِ شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے صاحبزادے کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا روز ہمیں بھٹو خاندان کی قربانیاں یاد دلاتا ہے جنہوں نے قربانیوں کی لازوال داستان رقم کرتے ہوئے جمہوریت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

شاہنواز بھٹو کو ان کی جوانی میں شہید کیا گی اور وہ شہادت کے وقت صرف 27سال کے تھے۔ وہ اٹھارہ سال کی عمر سے ڈکٹیٹرشپ کے خلاف نبردآزما تھے اور پاکستان میں ڈکٹیٹرشپ کے سیاہ دورمیں جمہوری جدوجہد کے قائدین میں شامل تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے ملک اورعوام کے لئے جان کا نذرانہ پیش کر دیا۔ اب شاہنواز بھٹو کی شہادت کو 33سال ہوگئے ہیں۔

یہ جان کر سب کا دل خون کے آنسو روتا ہے کہ کس طرح وہ دیارِ غیرمیں ایک صبح جمہوریت اور بھٹو دشمنوں کے ہاتھوں شہید ہوگئے۔ جب ان کی نعش کو ان کی بہن بینظیر بھٹو تدفین کے لئے پاکستان لائیں تو ان کاہیرو کی طرح استقبال کیا گیا تھا جو لوگوں کو آج تک یاد ہے۔ بھٹو خاندان نے پاکستان کے لئے ناقابلِ یقین قربانیاں دی ہیں۔ مادرِ جمہوریت بیگم بھٹو نے اپنے سامنے اپنے شوہر، دو صاحبزادوں اور ایک صاحبزادی کی شہادت دیکھی۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو شہد کے اس قافلے کے پہلے شہید تھے۔ جمہوریت سے پیار کرنے والوں نے بہت ہمت اور استقلال سے ان تمام شہادتوں کے صدمات سہے۔ بھٹو خاندان کی یہ شہادتیں کبھی بھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور جمہوریت کے لئے دی جانے والی ہر شہادت اور قربانی ضائع نہیں ہوگی۔ ان قربانیوں کی ہی وجہ سے آج ملک میں جمہوریت ہے اور غریب عوام کی امید قائم ہے کہ ایک روز ضرور وہ ترقی اور خوشحالی دیکھیں گے۔ اللہ تعالیٰ شہید شاہنواز بھٹو کے درجات بلند کرے۔