پشاور، عوام تبدیلی کیلئے تیار ہوکر قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے،سکندر حیات خان شیرپائو

بعض سیاسی جماعتوںنے اقتدار میں آنے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے اور امن،ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے عوام کا سابقہ حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکاہے اور وہ ان سے متنفر ہو چکے ہیں،چیئرمین قومی وطن پارٹی

بدھ 18 جولائی 2018 22:25

پشاور، عوام تبدیلی کیلئے تیار ہوکر قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے،سکندر ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام تبدیلی کیلئے تیار ہوکر قومی وطن پارٹی کا ساتھ دے۔انھوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتوںنے اقتدار میں آنے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے اور امن،ترقی اور خوشحالی کے حصول کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے عوام کا سابقہ حکمرانوں سے اعتماد اٹھ چکاہے اور وہ ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے یونین کونسل ہری چند میں الیکشن کمپین کے دوران مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی جماعتوں کے سرکردہ کارکنوں بخت منیر،عمرواحد،سید علی خان،گلاب خان،حاجی سیف الرحمان،حاجی حبیب اللہ،نویدجان،رضا خان،شیراز،عرفان علی،سجاد علی اور نصراللہ خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سکندرشیرپائو نے پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے آسمان سے باتیں کرتی ہوئی مہنگائی ،ظالمانہ لوڈشیڈنگ ،شدید بدامنی ،کرپشن و لوٹ ماراور بے روزگاری و پسماندگی جیسے بحرانوں نے غریب آدمی کا جینا دوبھر کردیا ہے اور وہ بے یقینی کا شکار ہے۔انھوں نے کہا کہ بعض عناصرنے الیکشن 2013میں امن،ترقی اور اچھی حکمرانی قائم کرنے کے دعوے کئے لیکن امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور عوامی مسائل و مشکلات ان وعدوں کی نفی کرتی ہے اوران کی غلط پالیسیوں کی بدولت پختونوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر جائز مقام اورتشخص نہیں ملاجس کی وجہ سے وہ آج بھی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیںجبکہ پختونوں نے ہمیشہ ملک کے تحفظ ،ترقی،بقا اور خوشحالی کیلئے بڑی قربانیاں دیں ہیں اور ہر آڑے وقت میں اپنا موثر کردار ادا کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کے حقوق کے حصول اور حقیقی تشخص کی بحالی ہماری اولین ترجیحات ہیں اور اس مقصد کے حصول کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ اس وقت پختونوں کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو ان کے مسائل و مشکلات کو سمجھ سکتا ہواور اس کیلئے عملی جدوجہد کرنے کی اہلیت رکھتا ہو تاکہ صوبے اور پختونوں کودرپیش چیلنجوںاور مسائل و مشکلات کے حل کیلئے بہتر انداز میں کر دار ادا کر سکے ۔