حیدرآباد، سندھ کو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر تباہ کیا ہے،مصطفی کمال

ہم انتخابات میں کامیابی کے بعد کراچی اور حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہر بنادیںگے، سندھ کا وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا یا ہماری حمایت سے بنے گا، چیئرمین پاک سرزمین پارٹی

بدھ 18 جولائی 2018 22:27

حیدرآباد، سندھ کو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر تباہ کیا ہے،مصطفی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جولائی2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ کو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر تباہ کیا ہے ۔ ہم انتخابات میں کامیابی کے بعد کراچی اور حیدرآباد کو ترقی یافتہ شہر بنادیںگے۔ سندھ کا وزیراعلیٰ ہمارا ہوگا یا ہماری حمایت سے بنے گا۔ وہ لطیف آباد سے نکالی جانے والی ریلی سے قبل پی ایس 65 کے اُمیدوار راحیل قائم خانی کے لطیف آباد یونٹ نمبر9 میں انتخابی آفس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔

ان کے ہمراہ پارٹی کے صدر انیس قائم خانی بھی موجو دتھے۔ مصطفی کمال نے کہاکہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں ۔ لوگ بے چین ہیں کہ 25جولائی کو پی ایس پی کو کامیاب کرواکر جھوٹ کا خاتمہ کردیں گے۔

(جاری ہے)

ووٹ لینے کے بعد ہم یہ نہیں کہیں گے کہ ہمارے پاس اختیار نہیں ہیں ۔ آج جو اختیارات کا رونا روتے ہیں ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا ان کے لوگوں کے پاس اپنی جیبیں بھرنے کے اختیارات ہیں۔

سندھ کو ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی نے مل کر تباہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا چاند پر پہنچ گئی ہے اور پاکستانی پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں ۔ اس سڑی گرمی میں ڈیڑھ ڈیڑھ مہینے حیدرآباد جیسے شہر میں بجلی نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اس وقت حق کیلئے آواز اُٹھائی جب سچ بولنے پر کم سے کم سزا موت تھی۔ 2018ء میں پورے سندھ میں حکومت بنائیں گے یا پھر ہماری ہی حمایت سے سندھ کا وزیراعلیٰ ہوگا۔