سندھ کو پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا ہے، عوام بنیادی مسائل حل نہ ہونے سے پریشان ہیں، مصطفی کمال

سندھ میں اگلا وزیر اعلیٰ پی ایس پی کا یا پھر ہمارا حمایت یافتہ ہوگا، چیئرمین پی ایس پی کا حیدرآباد میں الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو

بدھ 18 جولائی 2018 23:44

سندھ کو پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا ہے، عوام بنیادی ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھ کو پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر تباہ کردیا ہے، عوام بنیادی مسائل حل نہ ہونے سے پریشان ہیں، سندھ میں اگلا وزیر اعلیٰ پی ایس پی کا یا پھر ہمارا حمایت یافتہ ہوگا۔وہ اپنے دو روزہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر پی ایس پی کے صدر انیس قائم خانی کے ساتھ لطیف آباد میں الیکشن آفس کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر پی ایس پی کے انتخابی امیدوار ارشد آرائیں، راحیل قائم خانی، میر عتیق تالپور اور ندیم قاضی بھی موجود تھے ۔

سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ایم کیوایم والے آج بھی حیدرآباد کراچی میں ٹوٹی سڑکوں اور کچرے کے ڈھیر پر کھڑے ہو کر عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں مگر اب عوام ان لوگوں کو مسترد کرچکی ہے، 25 جولائی کو سندھ بھر میں پی ایس پی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی جبکہ 2023ء کے انتخابات میں ہم پورے ملک سے کامیابی حاصل کریں گے، انہوںنے دعویٰ کیا کہ سندھ میں اگلا وزیر اعلیٰ ہمارا ہوگا یا پھر ہمارا حمایت یافتہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی نے سندھ کے عوام کے مسائل حل نہیں کئے، انہو ں نے کہا کہ کراچی میں ہمارا صرف تین نشستوں پر پیپلزپارٹی سے مقابلہ ہے جبکہ حیدرآباد میں ہمارا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے حیدرآباد میں ہم کلین سوئپ کریں گے، انہوں نے کہا کہ میاںنواز شریف پر جو بھی الزام ہیں انہیں دفاع کا حق ہونا چائیے اور انہیں مکمل انصاف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

دریں اثناء مختلف برادریوں کے افراد نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کی، بعدازاں پاک سرزمین پارٹی کی طرف سے مصطفی کمال کی قیادت میں انتخابی ریلی بھی نکالی گئی جوکہ لطیف آباد اور مختلف علاقوں سے ہوکر کوہ نور چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔