Live Updates

سندھ کے عوام کو وڈیروں نے اپنی طاقت کے زور سے نسل درنسل غلام بنائے رکھا، عائشہ گلالئی

پیپلز پارٹی نے سندھ کو 10 میں بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب کردیا، ضلع سجاول میں عوام کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے رسول اللہؐ کی تعلیمات کے برعکس چھوٹے طبقے کے لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے۔ 25 جولائی کو ان ظالموں اور وڈیروں سے انتقام لیں گے برصغیر میں اسلام کی شروعات اس عظیم سندھ دھرتی سے شروع ہوئی لیکن آج یہاں اسلام کا کوئی نفاذ نہیں، چوہڑ جمالی میں ریلی کے شرکاء اور عوام سے خطاب

بدھ 18 جولائی 2018 23:47

سندھ کے عوام کو وڈیروں نے اپنی طاقت کے زور سے نسل درنسل غلام بنائے رکھا، ..
سجاول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) پاکستان تحریک انصاف گلالئی کی چیئرپرسن عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کو وڈیروں نے اپنی طاقت کے زور سے نسل درنسل غلام بنائے رکھا، پیپلز پارٹی نے سندھ کو 10 میں بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب کردیا، ضلع سجاول میں عوام کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے، برصغیر میں اسلام کی شروعات اس عظیم سندھ دھرتی سے شروع ہوئی لیکن آج یہاں اسلام کا کوئی نفاذ نہیں، رسول اللہؐ کی تعلیمات کے برعکس چھوٹے طبقے کے لوگوں کو غلام بنایا ہوا ہے۔

25 جولائی کو ان ظالموں اور وڈیروں سے انتقام لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 231 چوہڑ جمالی میں الیکشن مہم کے دوران مدنی چوک پر ریلی کے شرکاء اور عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی گلالئی چیئرپرسن ان دنوں سجاول کے دورے پر ہیں اور اپنی انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران عائشہ گلالئی نے مختلف جگہوں پر خطاب، کارنرز میٹنگ اور ریلیوں سے خطاب کیا۔

عائشہ گلالئی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی دھرتی پر آ کر انتہائی خوشی و فخر محسوس ہو رہا ہے۔ میں اس عظیم دھرتی پر موجود ہوں جہاں سے پورے برصغیر میں اسلام کی فتح اور شروعات ہوئی۔ محمد بن قاسم نے بھی سندھ کی دھرتی سے بسم اللہ کہہ کر پورے برصغیر میں اسلام پھیلایا۔ سندھ دھرتی کو ایک شرف یہ بھی حاصل ہے اس نے ہمارے برصغیر کو بے شمار اولیائے کرام دیئے۔

ان اولیاء اللہ اسلام کو پھیلانے میں اپنا کردار ادا کیا ۔آج پورے برصغیر کے چپے چپے میں اسلام کا نام سر بلند ہے لیکن یہاں سجاول آئی تو یہاں اسلام کا کوئی نفاذ نہیں دیکھا۔ یہاں غریب، مسکین، ننگے پیروں تلے لاچار انسانوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آپؐ نے 14 سو سال قبل غلامی کا خاتمہ نہیں کیا تھا کیا آپؐ نے خطبات جمعة الوداع میں کہہ دیا تھا کہ کی عربی کو عجمی اور عجمی کو عربی پر کوئی فضیلت حاصل نہیں تو پھر سندھ سجاول میں کیوں غریب ومسکین انسانوں کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑ کے رکھا گیا ہے۔

نسل در نسل اور جن لوگوں کے پیروں میں چپل تک نہیں ان مسکینوں کو یہاں ظلم کی چکی میں پیسا جاتا ہے ۔ یہاں آدم اور حوا کے مسکین بیٹے اور بیٹیوں کے ساتھ جانوروں سے بدتر سلوک کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ میں اس غلامی کی بات کرتی ہوں جس نے میرے سجاول کے بھائیوں اور بزرگوں کو طاقتور اور وڈیروں نے اپنی طاقت کے زور سے نسل در نسل کئی خاندانوں کو غلام بنا دیاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ پیپلز پارٹی نے 10سال اپنے دور اقتدار تک سندھ کو بہتر بنانے کے بجائے مزید خراب بنا دیا ہے۔ سندھ میں پینے کے پانی سمیت بہت سارے مسائل ہیں۔ ضلع سجاول کے عوام کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے۔ یہاں انسان اور جانور ایک جگہ سے پانی پیتے ہیں وہ بھی مضر صحت ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 25 جولائی کا دن ان ظالموں وڈیروں سے انتقام لینے کا دن ہے جنہوں نے ہمیشہ سندھ کے لوگوں کو لوٹا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات