Live Updates

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رائے حسن نواز کو تاحیات نااہل قرار دے دیا

توبہ قبول کرنا ہمارا کام نہیں، توبہ صرف اللہ ہی قبول کرتا ہے۔ جسٹس عظمت کے ریمارکس

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 19 جولائی 2018 12:14

سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما رائے حسن نواز کو تاحیات نااہل قرار دے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء سے قبل ہی پاکستان تحریک انصاف کے لیے بُری خبر آ گئی ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور این اے 149 سے اُمیدوار رائے حسن نواز کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نےپاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریمارکس دیئے کہ رائے حسن نواز آپ کے کیس میں تو پہلے ہی واضح تاحیات نااہلی کا فیصلہ دیا گیا ہے۔ آپ کے خلاف تو سپریم کورٹ کے پانچ رکنی بینچ نے صادق اور امین نہ ہونے سے متعلق فیصلہ دیا تھا۔ جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما رائے حسن نواز پر واضح طور پر آرٹیکل 62 ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عظمت سعید شیخ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہم فیصلے لکھ لکھ کر تھک جاتے ہیں اور وکلاء پڑھنے کی زحمت نہیں کرتے، ایسا تو نہیں ہوسکتا کہ کوئی کہے میں نے اب توبہ کر لی۔ انہوں نے کہا کہ توبہ قبول کرنا ہمارا کام نہیں، توبہ تو صرف اللہ ہی قبول کرتا ہے۔ جس کے بعد این اے 149 سے پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار رائے حسن نواز کی نا اہلی کے خلاف اپیل خارج کر دی گئی۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات 2018ء کے لیے پولنگ ہو گی جس کے پیش نظر رائے حسن نواز کی تاحیات نا اہلی کو پی ٹی آئی کے لیے ایک بُری خبر قرار دیا جارہا ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما رائے حسن نواز کو مئی2016ء میں الیکشن ٹربیونل نے اثاثے چھپانے پر نااہل قرار دے کر حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا ۔ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف رائے حسن نواز نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تاہم چیف جسٹس انور ظہیرجمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے رائے حسن نواز کی اپیل خارج کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا اور حلقے میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تھا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات